راج گڑھ،(یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے آج پھر الزام لگایا کہ کسانوں، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کو میڈیا میں جگہ نہیں دی جا رہی ہے ، جب کہ فی الحال یہی سب سے بڑے مسائل ہیں۔مسٹرگاندھی کی بھارت جوڑو نیا ئے یاترا مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے بیاورا پہنچی۔ مسٹر گاندھی نے بیاورا میں کھلی گاڑی سے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور سابق وزیر جے وردھن سنگھ بھی موجود تھے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ مرکز میں حکومت کرنے والی مودی حکومت کسانوں کی تحریک پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ بے روزگاری بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔ مہنگائی سے ہر کوئی پریشان ہے ۔ اس کے علاوہ عوامی تشویش سے متعلق بہت سے مسائل ہیں، لیکن ان مسائل کو میڈیا میں جگہ نہیں مل رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میڈیا کے اداروں پر ملک کے چند منتخب صنعت کاروں نے قبضہ کر رکھا ہے اور اسی وجہ سے عوام سے جڑے مسائل کو میڈیا میں نہیں دکھایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی بجائے میڈیا میں ایک صنعتکار خاندان کی شادی کی تقریب دکھائی جا رہی ہے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو مرکز میں حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو وہ ان تمام مسائل کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کرے گی۔ انہوں نے ملک میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کی ضرورت کو دہرایا اور کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ایسا کیا جائے گا۔ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فسادپیدا کرنے والوں کے بارے میں بھی حقائق سامنے لائیں گے ۔












