نئی دہلی :7مارچ ۔سماج نیوز سروس ۔یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے کہ روزنامہ ہمارا سماج کے سینئر کمپیوٹر آپریٹر اقبال احمد کا 7مارچ کی صبح ممبئی کے ٹاٹا میموریل ہسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا ۔وہ پندرہ روز پہلے وہاں داخل ہوئے تھے اور ڈاکٹروں نے تفتیش کے بعد ان کے لیور میں کینسر کی تحقیق کرنے کے بعد کیمو تھراپی سے علاج کر رہے تھے ۔لیکن دوسر ڈوز کے دوران ہی 7مارچ کو ان کا انتقال ہو گیا ۔مرحوم کا تعلق جھارکھنڈ سے تھا لیکن ایک طویل عرصہ سے وہ اپنے بچوں کے ساتھ منہدیان میں رہائش پذیر تھے ۔وہ جامعہ رحیمیہ کے آفس انچارج بھی رہے تھے لیکن اب وہ مستقل روزنامہ ہمارا سماج میں اپنی خدمات دے رہے تھے ۔مرحوم نے مرتے ہوئے اپنے پیچھے اپنی اہلیہ اور چار بچوں کو بطور وارث چھوڑا ہے ۔سب سے بڑی بیٹی یاسمین کی عمر بیس کے قریب ہوگی جبکہ اس کے بعد کے دوبیٹوں اسرار اور عدنان کی عمر بھی 12اور 16برس جبکہ سب سے چھوٹی بیٹی اقرا کی عمر محض دو برس ہے ۔مرحوم اقبال کی تدفین ان کے آبائی گاؤں میں ہوگی ۔ادارے کے تمام افراد مرحوم کی مغفرت کے لئے دعاگو ہیں اور اللہ رب العزت سے مرحوم کے سکون قلب کی دعا کرتے ہیں ۔












