شکتی وزیراعظم نریندر مودی 23 اپریل کو چھتیس گڑھ کے شکتی ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے منعقدہ عام اجلاس سے خطاب کریں گے ۔مسٹر مودی جانجگیر چمپا لوک سبھا حلقہ کی امیدوار محترمہ کملیش جانگڑے کے حق میں مہم چلانے آ رہے ہیں۔ وہیں شکتی ضلع میں مودی کی آمد پر بی جے پی بھی سرگرم ہوگئی ہے ۔بی جے پی کے ضلع صدر اور لوک سبھا کنوینر کے کے چندرا نے بتایا کہ شکتی ضلع کے جیٹھا میں کلکٹریٹ گراؤنڈ کو مسٹر مودی کے بڑے جلسہ عام کے لیے طے کردیا گیا ہے ۔قبل ازیں راج ناندگاؤں لوک سبھا سیٹ سے چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کی نامزدگی ریلی میں اپنے خطاب کے دوران کانگریس ایم ایل اے اور قائد حزب اختلاف چرن داس مہنت نے مسٹر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔ مسٹر مہنت کے اس بیان کو بی جے پی نے مسٹر مودی کے خلاف اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔












