بہار کی راجدھانی پٹنہ کے کوتوالی تھانہ علاقے میں پٹنہ جنکشن کے قریب ایک ہوٹل میں جمعرات کی صبح اچانک آگ لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی اور کئی جھلس گئے ۔
پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ پٹنہ جنکشن کے قریب پال ہوٹل میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے باعث ہوٹل میں رکھا سلنڈر بھی پھٹ گیا جس سے آگ مزید بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی دیر میں آگ چار منزلہ عمارت کی تمام منزلوں تک پھیل گئی اور ملحقہ عمارت کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے واردات پر پہنچ گئیں۔ آگ کے شعلوں کے درمیان 45 افراد کو نکال لیا گیا ہے جن میں سے ایک کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 15 افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے ۔ آگ بجھانے کے لیے 08 فائر انجن اور 50 اہلکار تعینات کیے گئے اور تقریباً دو گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے ۔












