ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ اس کے بعد دوسرے کوارٹر میں جاپان کی جانب سے پہلا گول ناگایوشی کین نے کیا اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ پاکستان نے چوتھے کوارٹر میں میچ کے اختتامی لمحات میں 59ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر رانا وحید اشرف کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کر لیا۔پاکستان نے اس میچ سے قبل ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں کوریا کو 0-4 سے ہرایا تھا۔اسی طرح گرین شرٹس نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی تھی۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ بدھ کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کینیڈا کے خلاف کھیلے گا۔پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں سات سات پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔












