اسلام آباد :وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹریٹجک اداروں کے علاوہ حکومت کی ملکیت دیگر تمام اداروں کی نجکاری کا اعلان کردیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے امور سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کردی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کے امور کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس میں نجکاری پروگرام 2024-2029 کا روڈ میپ پیش کیا گیا، وزیر اعظم نے اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ دیگر تمام حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کرنے کی ہدایت کردی۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے سوا دیگر تمام ادارے چاہے نفع بخش ہیں یا خسارے میں چلنے والے ادروں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا ہے، حکومت کے ملکیتی اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہو گی، اسی پیسے سے سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔ وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بولی سمیت دیگر اہم مراحل کو ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کے مراحل کو بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔












