نئی دہلی، (سماج نیوز سروس) ایئر انڈیا کی پرواز میں اس وقت دہشت پھیل گئی جب ایک ٹشو پیپر پر مشتبہ تحریر پر لوگوں کی نظر پڑی ۔ یہ اطلاع ملنے پر ایئرپورٹ حکام نے سیکیورٹی پروٹوکول کے بعد مکمل معائنہ کیا تاہم فلائٹ سے کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ اس پر ایئرپورٹ حکام نے راحت کی سانس لی۔ واضح ہو کہ دہلی ایئرپورٹ سے وڈودرا کے لیے روانہ ہونے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ کے ٹوائلٹ میں ایک ٹشو پیپر ملا، جس پر ’بم‘ کا لفظ لکھا ہوا تھا۔ اس کے بعد احتیاط کے طور پر مسافروں کو پرواز سے اتار کر سرچ آپریشن کیا گیا۔ فی الحال معاملہ زیر تفتیش ہے۔ اس حوالے سے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بدھ کی شام ’ بم نوٹ ملنے کے بعد فلائٹ کی تلاشی لی گئی، تاہم کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرواز ٹیک آف کرنے کے لیے تیار تھی اور عملے کے رکن نے شام 7 بجے کے قریب یہ ٹشو پیپر دیکھا ۔ اہلکار نے کہا کہ سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس اور دہلی پولیس کو مطلع کیا گیا اور مسافروں سے کہا گیا کہ وہ پرواز سے اتر جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلائٹ کی مکمل چھان بین کی گئی لیکن کچھ نہیں ملا۔ ایئر انڈیا اپنے مسافروں اور عملے کی حفاظت کے لیے پابند عہد ہے اور اسے اولین ترجیح دیتا ہے۔ مسافروں کو آج صبح ایک خصوصی پرواز کے ذریعے وڈودرا روانہ کیا گیا ہے۔












