نئی دہلی، (یو این آئی) ملک کی معروف خبر رساں ایجنسی یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا (یو این آئی) کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور اخبارات اور میگزین پبلشروں کی اعلیٰ تنظیم انڈین نیوز پیپر سوسائٹی (آئی این ایس) کے سابق صدر نریش موہن کا آج یہاں انتقال ہو گیا۔ ہندوستان ٹائمز گروپ کے سابق ایگزیکیٹیو پریزیڈنٹ نریش موہن کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کا آج قومی راجدھانی دہلی کے ساکیت علاقے میں واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوا۔ آج دوپہر دو بجے لودھی روڈ کے شمشان گھاٹ پر ا ن کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ آئی این ایس کے صدر راکیش شرما نے مسٹر موہن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر شرما نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آئی این ایس نے اپنے دور میں مسٹر موہن کے تجربے اور رہنمائی سے بہت استفادہ کیا ۔ انہوں نے اخبار کی اشاعت کے شعبے کی معروف شخصیت آنجہانی نریش موہن کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ مسٹر موہن طویل عرصے تک ہندوستان ٹائمز گروپ سے وابستہ تھے ۔












