نوشاد عباس
علی گڑھ، 22 مئی،سماج نیوز سروس: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نیورو سرجری شعبہ کے سرجنس نے ایک نوعمر مریضہ کے اسکیلیٹل عارضہ (اکونڈروپلازیا) کو درست کرنے کے لیے ایک منفرد سرجری انجام دی اور اسے نئی زندگی فراہم کی۔ شعبہ نیورو سرجری کے چیئرمین پروفیسر رمن موہن شرما نے بتایا کہ ہاتھرس کی ایک 16 سالہ لڑکی مانسی کو اکونڈروپلازیا کا مرض لاحق تھا جو ایک بہت نادر قسم کی بیماری ہے ، جس سے اس کا قد نہیں بڑھ رہا ہے اور اس کی گردن بھی چھوٹی تھی۔ ایسے مریضوں کے ہاتھ اور ٹانگوں کی لمبائی کم رہتی ہے تاہم ان میں سے زیادہ تر بچے نارمل قد والے والدین کے یہاں پیدا ہوتے ہیں اور ایک صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔پروفیسر شرما نے بتایا کہ مختلف قسم کی جانچ کے بعد مانسی کی سرجری کا فیصلہ کیا گیا جس میں گردن کی ہڈیوں کو پیچ اور راڈ لگاکر درست کیا گیا۔ مریضہ کی حالت اب بہتر ہورہی ہے اور سرجن نتائج سے مطمئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں اناٹومی کو سمجھنے کے لیے تھری ڈی پرنٹنگ سے بہت مدد ملتی ہے۔ اس سرجری میں ڈاکٹر عبید صدیقی اور ان کی ٹیم نے انستھیسیا کا انتظام کیا۔ ڈاکٹر نیلیش چودھری، ڈاکٹر نکھل وادون، انور علی، للی دت، ہری پال، قاسم اور عثمان ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے سرجری میں مدد فراہم کی۔پروفیسر ایم ایف ہدیٰ نے بتایا کہ جے این ایم سی کے ڈاکٹر ریڑھ کی ہڈی کی مختلف اقسام کی ایڈوانسڈ سرجری انجام دے رہے ہیںاور اب مریضوں کو دور دراز کے مراکز میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ڈاکٹر احمد انصاری نے کہا کہ کرینیورٹیبرل جنکشن دماغ کو ریڑھ کی ہڈی سے جوڑتا ہے، چنانچہ جسم کے اس حصہ کی سرجری بہت پیچیدہ ہوتی ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہم جلد ہی جے این ایم سی میں ریڑھ کی ہڈی کی اینڈوسکوپک سرجری کا باضابطہ آغاز کریں گے۔ڈاکٹر تابش خان نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں شعبہ میں کرینیوورٹیبرل جنکشن کی 200 سے زائد سرجری کی گئی ہے۔ پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل وسی ایم ایس، جے این میڈیکل کالج و اسپتال نے ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہاں نیورو سرجری میں ایم سی ایچ کی دو سیٹیں ہیں اور یہ شعبہ مغربی اتر پردیش میں ایک جدید نیورو سرجری سنٹر کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔












