دیوبند، 23؍ مئی ،سماج نیوز سروس: گزشتہ روز گنگوہ میں ہونے والے طالبہ مانوی تومر کے قتل کا راز فاش ہوگیا ہے، معلوم ہوا کہ یک طرفہ عشق میں مبتلا ایک نوجوان نے عشق کے جنون اور ناکامی کی صورت میں طالبہ کا دردناک طریقہ سے قتل کرکے لاش کو ایک پلاٹ میں پھینک دیا تھا۔ طالبہ کے اہل خانہ نے ملزم نوجوان کی نامزد رپورٹ درج کرائی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گنگوہ میںبی پی ای ایس کی طالبہ مانوی تومر کا گلا کاٹ کر قتل کئے جانے کے معاملہ میں اس کے والد سبدل پور کے باشندہ راجیش نے ساگر نام کے ایک نوجوان کے نام ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرہ کی فوٹیج میں بھی ساگر طالبہ کے ساتھ جھگڑتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ساگر اس کو مسلسل پرپوز کررہا تھا، لیکن مانوی تومر اس کے لئے تیار نہیں ہوئی جس کے بعد ساگر نے لڑکی کا قتل کردیا۔ دراصل بی پی ای ایس کی طالبہ مانوی تومر کو ملزم ساگر مسلسل پریشان کررہا تھا ۔ مانوی تومر نے اپنے اہل خانہ کو بھی اس پورے معاملہ سے آگاہ کردیا تھا جس کے بعد طالبہ کے اہل خانہ نے کئی مرتبہ ساگر کو سمجھایا اور مانوی تومر سے دور رہنے کی بات کہی، لیکن ملزم اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔ پولیس تحقیقات میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کی مانوی تومر کے ساتھ تلخ کلامی اور مارپیٹ بھی ہوئی تھی جس کے بعد ملزم نے دھار دار ہتھیار سے گلا کاٹ کر طالبہ کو قتل کرڈالا ۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔












