نئی دہلی،پریس ریلیز،ہمارا سماج:اللہ رب العالمین کا وعدہ ہے کہ اگر مسلمان حقیقی اسلام اورحقیقی ایمان کوسمجھ کر اس کے تقاضوں پرزندگی گزارے گا تو ہر ہر مقام پر اللہ تعالیٰ کو اپنا معاون ومددگار پائے گا یہ اللہ کا وعدہ ہے اوراللہ کا وعدہ کبھی جھوٹا نہیں ہوتا بلکہ ہمارا وطیرہ اورہمارے اعمال جھوٹے اورکمزور ہوتے ہیں اوران عملی کمزوریوں کی وجہ ہی سے مصائب اورمشکلات نازل ہوتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ اگر تم اللہ کے دین کی مدد کروگے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اورتمہارے قدموں کومضبوطی اوراستحکام عطا فرمائے گا۔ اس وقت الیکشن کے مد نظر اورپورے سال بلکہ زندگی کے تمام مراحل میں مسلمانوں کے درمیان جوبے چینی ، لاچاری اورمصائب کا ماحول ہوتا ہے اس کے مد نظر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دین اسلام اورخالق ارض وسماء کی طرف رجوع کریں اور تمام مصائب کا حل قرآن وسنت اور منہج صحابہ میں تلاش کریں کیوںکہ اسی میں ہماری کامیابی ہے اوراسی میں عزت ووقاراور سر بلندی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر ، نئی دہلی کے صدر مولانا محمدرحمانی سنابلی مدنی حفظہ اللہ نے سنٹر کی جامع مسجد ابوبکر صدیق جوگابائی ، نئی دہلی میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا ۔ مولانا موجودہ حالات کے تناظر میں ایک حدیث قدسی کی شرح پیش فرمارہے تھے، مولانا نے صحیح بخاری میں وارد ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی رویت کردہ حدیث قدسی پیش کی جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اللہ رب العالمین سے روایت کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا : جومیرے دوستوں سے عداو ت اوردشمنی کرتا ہے اس کے خلاف اعلان جنگ کرتا ہوں اورمیرے بندہ جب میرے پسندیدہ فرائض وواجبات کے ذریعہ مجھ سے قربت اختیار کرکے نوافل کا بھی اہتمام کرتے ہیں تو میں ان سے محبت کرنے لگتا ہوں اورجب میں ان سے محبت کرتا ہوں تو ان کا کان بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتے ہیں اوران کی آنکھ بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتے ہیں ، ان کا ہاتھ بن جاتا ہے جس سے وہ پکڑتے ہیں اوران کا پیر بن جاتا ہوں جس سے وہ چلتے ہیں اورجب وہ مجھ سے سوال کرتے ہیں تو میں ان کوعطا کرتا ہوں اورجب میری پناہ طلب کرتے ہیں تو انہیں اپنی پناہ میں لے لیتا ہوں۔












