دہرادون (یو این آئی) اتراکھنڈ میں10مئی سے شروع ہوئی گنگوتری، یمنوتری، کیدارناتھ اور 12 مئی سے شروع ہوئی بدری ناتھ کی یاترا کے لیے آنے والے52 یاتریوں کی مختلف وجوہات کی وجہ سے موت ہو چکی ہے ۔ یہ اطلاع چیف منسٹر کے سکریٹری اور گڑھوال کے ڈویژنل کمشنر ونے شنکر پانڈے نے جمعہ کو دی۔ مسٹر پانڈے نے کہا کہ صحت سے متعلق ایس او پی پہلے ہی ریاستی حکومت نے چودہ زبانوں میں جاری کی ہے۔جسےمختلف ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو اپنے شہریوں کو مطلع کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چار دھام یاترا کے آغاز سے اب تک گنگوتری میں تین، یمنوتری میں 12، بدری ناتھ میں 14 اور کیدارناتھ میں 23 عقیدت مندوں کی موت ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں سے زیادہ تر کی عمریں 60 سال سے اوپر تھیں۔ اس کے علاوہ ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بھی بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چاردھام یاترا کے راستے پر صحت جانچ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سواستھیہ مترا بھی کام کررہا ہے ۔ کئی بار عقیدت مند صحت کی جانچ کے مراکز میں اپنی صحت کی تاریخ چھپا لیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے عقیدت مند کو خود پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بار بڑی عمر کے عقیدت مند منع کرنے کے بعد بھی یاترا پر جاتے ہیں، ان سے ایک اعلانیہ فارم بھرنے کے لیے کہا جاتا ہے جس میں صحت سے متعلق کسی پریشانی کی صورت میں پوری ذمہ داری متاثرہ پر عائد ہوتی ہے ۔












