دیوبند، 24؍ مئی ،سماج نیوز سروس: گزشتہ دیر شام میونسپل بورڈ دیوبند کے رکن شرافت ملک کی رہائش گاہ پر میونسپل بورڈ دیوبند کے ممبران کی ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کا مقصد متحدہ طورپر پورے شہر اور اپنے اپنے وارڈوں کے مسائل کو حل کرانا ہے۔ اس موقع پر تمام میونسپل بورڈ ارکان نے ایک گروپ کی شکل میں کام کرنے کا عہد کیا اور اتفاق رائے سے میونسپل رکن سید حارث کو اپنا قائد مقرر کیا۔ اب آئندہ میونسپل بورڈ یا بورڈ میٹنگ کے دوران سید حارث میونسپل بورڈ ارکان کی قیادت کرتے ہوئے ضروری مسائل پیش کریں گے۔ تفصیل کے مطابق میونسپل رکن شرافت ملک کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں دس ارکان نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران طے کیا گیا کہ شہر ، عوام اور اپنے وارڈوں کے مسائل اب مشترکہ طور پر پیش کئے جائیں گے اور انہیں حل کرائے جانے کے لئے متحدہ کوششیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر جو گروپ تشکیل دیا گیا اس کا قائد اتفاق رائے سے سید حارث کو بنایا گیا ۔ اس نامزدگی کے بعد سید حارث نے کہا کہ میونسپل ارکان نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے جو ذمہ داری سپرد کی ہے اس ذمہ داری کو احسن طریقہ سے انجام دینے کی پوری کوشش کروںگا اور تمام ساتھیوں کے وارڈوں میں بلاتفریق ترقیاتی اور مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرتا رہوںگا۔ انہوں نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہر میں ترقیاتی امور کرانے کے لئے عہد کیا۔ اس میٹنگ میں میونسپل ارکان ندیم، مرسلین گوجر، مکھیارضوان گوڑ، اختر انصاری، اقبال انصاری، میونسپل رکن کے نمائندہ جاوید خان،عارف انصاری، اور وسیم ملک وغیرہ موجود رہے۔












