حیدرآباد، پریس ریلیز،ہمارا سماج: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اردو میڈیم سے اعلیٰ پروفیشنل تعلیم کا ایک ایسا مرکز بن چکی ہے جو پچھلے پچیس برسوں کے دوران ہزاروں اردو میڈیم کے طلبہ کو روزگار سے جوڑنے میں کامیابی حاصل کرتی آرہی ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا ڈپارٹمنٹ آف سوشیل ورک ایسا ہی ایک شعبہ جہاں کسی بھی مضمون میں گریجویشن کامیاب طلبہ ماسٹر آف سوشیل ورک میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ پروفیسر محمد شاہد ڈپارٹمنٹ آف سوشیل ورک کے ہیڈ ہیں۔ ان کے مطابق اکیسویں صدی میں سوشیل ورک ایک ایسی فیلڈ جس میں روزگار کے شاندار مواقع دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق سال 2009ءمیں اردو یونیورسٹی میں سوشیل ورک میں ایم ایس ڈبلیو کا کورس شروع کیا گیا اور آج تک سوشیل ورک ڈپارٹمنٹ کا ٹریک ریکارڈ رہا ہے کہ یہاں سے ایم ایس ڈبلیو کا کورس مکمل کرنے والے بیشتر طلبہ مقامی، قومی، حکومتی اور غیر سرکاری اداروں میں روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پروفیسر محمد شاہد کے مطابق ہمارے ملک ہندوستان میں سوشیل ورک کے شعبے میں کام کرنے کے لیے بے شمار مواقع دستیاب ہیں جس میں بڑے بڑے کارپوریٹ کمپنیاں اور غیر سرکاری ادارے شامل ہیں۔ جو غربت سے مقابلہ کرنے، ماحولیات، تعلیم، روزگار اور مختلف میدانوں میں تحقیق اور شعور بیداری کا فلاحی کام کرتے ہیں۔ ان کے لیے ایم ایس ڈبلیو کامیاب طلبہ بڑے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔پروفیسر محمد شاہد کہتے ہیں کہ تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیولپمنٹ سیکٹر میں سوشل ورک جیسے کورس کی اہمیت اور ہنرمند سماجی پیشہ وران کی ضرورت میں اضافہ ہورہا ہے۔ تھیوری اور پریکٹس کی نصابی سرگرمیوں پر مشتمل ایم ایس ڈبلیو دیگر روایتی کورسز کے مقابل ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔شعبے کے فارغین اس کورس کی اہمیت کو بتاتے ہیں کہ کس طرح اس کی بدولت انھوں نے اپنی تنظیم میں تیزی سے ترقی کی۔ کورس کے دوران کیے جانے والے فیلڈ ورک، گروپ کانفرنس، مہارتی سرگرمیوں اور تھیوری کی کلاسوں سے ان کے اندر ایسی صلاحیتیں پیدا ہوئی ہیں جن کی مدد سے وہ پسماندہ طبقات اورضرورت مند افراد کو پیشہ ورانہ اورتربیت یافتہ طریقوں سے بااختیار بنانے میں مدد کررہے ہیں۔شعبے میں تھیوری کلاس اور فیلڈ ورک کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں بھی شامل ہیں جن سے طلبہ میں تنقیدی نقطہ نظر پیدا ہوتا ہے اوران کی مہارتوں میں بیش قیمتی اضافہ ہوتا ہے۔پروفیسر محمد شاہد کے مطابق کسی بھی مضمون میں 45% نمبرات کے ساتھ گریجویشن کامیاب طلبہ جنھوں نے دسویں یا بارھویں یا گریجویشن میں اردو پڑھی ہو‘ وہ اس کورس میں داخلہ کے اہل ہیں۔ایم ایس ڈبلیو میں جملہ 40 سیٹیں دستیاب ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے طلبہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ manuu.edu.inسے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ایم ایس ڈبلیو میں آن لائن فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ30 جون 2024ہے۔مزید تفصیلات کے لیے اس فون نمبر 9958222106 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔












