سید پرویز قیصر
پہلا ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ جنوبی افریقہ میں 2007 میں کھیلا گیاتھا۔ ہندوستان نے پاکستان کو شکست دیکر پہلا ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ جیتا تھا۔ نگلینڈ میں 2009 ہوئے دوسرے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہراکر چیمپئین ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز میں 2010 میں ہوئے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے خطاب پر قبضہ کیا تھا۔ 2012 میں سری لنکا میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز فاتح رہی تھی۔
بنگلہ دیش میں 2014 میں 16 مارچ سے 6 اپریل تک پانچواںٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کھیلا گیا تھا جس میںسولہ ٹیموں نے شرکت کہ تھی۔ ان سولہ ٹیموں میں سے آٹھ ٹیموں نے کوالی فائنگ روانڈ میں شرکت کی تھی۔ بنگلہ دیش، نیپال، افغانستان اور بانگ کانگ کو گروپ اے میں رکھا گیا تھا جبکہ نیدرلینڈس، زمبابوے، آئیرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کو گروپ بی میں جگہ ملی تھی۔ گروپ اے سے بنگلہ دیش اور گروپ بی سے نیدر لینڈس نے سپردس میں جگہ بنائی تھی۔ سپر دس کے گروپ ایک میں سری لنکا، جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ انگلینڈ اور نیدرلینڈس کو رکھا گیا تھا جبکہ گروپ دو میں ہندوستان، پاکستان، ویسٹ انڈیز، آسڑیلیا اور بنگلہ دیش کو جگہ ملی تھی۔ان دونوں گروپوں میں پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار بنیں۔
ڈھاکہ میں 3 اپریل 2014کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ڈکورتھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت 27 رن سے شکست دیکرتیسری مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ20 اوور میں چھ وکٹ پر 160 رن بنائے تھے۔ لاہیرو تریمانے 42 منٹ میں،35 بالوں پرتین چوکوں اور دو چھکوںکی مدد سے44 رن بنائے۔ جس وقت بارش کی وجہ سے کھیل روکا تو ویسٹ انڈیزے13.5 اوور میںچار وکٹ پر 80 رن بنائے اوراس نے ڈکورٹھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت میچ27 رن سے گنوایا۔انجیلو متھیوز جنہوں نے31 منٹ میں 23 بالوں پرتین چوکوں اوردوچھکوں کی مدد سے 40 رن بنائے تھے،مین آٖ ف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
اسی میدان پر دوسر ا سیمی فائنل 5 اپریل 2014کو کھیلا گیا تھا جس میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹ سے شکست دیکر دوسری مرتبہ فائنل میں داخلہ حا صل کیا۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں چار وکٹ پر 172رن بنائے تھے۔فف ڈو پلیسس نے سب سے زیادہ58 رن بنائے تھے۔ وہ 53 منٹ میں41 بالوں پرپانچ چوکوں اوردو چھکوں کی مدد سے، 58 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ہندوستان نے19.1 اوور میںچار وکٹ پر 176 رن بناکرمیچ جیتا تھا۔ وراٹ کوہلی نے67 منٹ میں44 بالوں پرپانچ چوکوں اوردو چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 72رن بنائے تھے۔ وہ مین آٖ ف دی میچ منتخب ہوئے۔
میر پور، ڈھاکہ میں 6 اپریل 2014کو ہوئے فائنل میچ میں سری لنکا نے ہندوستان کو چھ وکٹ سے شکست دیکر چیمپئین ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ20 اوور میںچار وکٹ پر 130 رن بنائے تھے۔ٖوراٹ کوہلی نے 75 منٹ میں58 بالوں پرپانچ چوکوں اورچار چھکوں کی مدد سے77رن بنائے تھے۔سری لنکا نے17.5 اوور میں چار وکٹ پر 134 رن بناکر فائنل میں چھ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔سری لنکا کی جانب سے کمار سنگا کارانے 39منٹ میں39 بالوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر52 رن بنائے۔ انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ ملا جبکہ وراٹ کوہلی مین آٖف دی سریز منتخب ہوئے۔
فیصل فیچرس












