نئی دہلی (سماج نیوز سروس) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں ووٹنگ کے حتمی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگلکے روز بتایا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 63.37فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں 11.13 کروڑ ووٹروں میں سے 7.05 کروڑ ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ واضح ہو کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے چھ مرحلوں میں 87.54 کروڑ ووٹروں میں سے 57.77 کروڑ ووٹر اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چھٹے مرحلے میں مجموعی طور پر 63.37 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ اس میں 61.95 فیصد مرد، 64.95 فیصد خواتین اور 18.67 فیصد تیسری جنس کے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ہندوستان میں دنیا کے سب سے زیادہ ووٹر ہیں جن کی تعداد 96.88 کروڑ ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، 20 مئی کو ہونے والی ووٹنگ کے پانچویں مرحلے میں 62.2 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ چوتھے مرحلے میں 69.16 فیصد ووٹنگ ہوئی جو کہ 2019 کے عام انتخابات کے اسی مرحلے سے 3.65 فیصد زیادہ ہے۔ تیسرے مرحلے میں ووٹنگ کی شرح 65.68 فیصد رہی۔ 2019 کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 68.4 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ 2024 کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 66.71 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی جب کہ 2019 کے دوسرے مرحلے میں 69.64 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ جاری عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں 66.14 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ 2019 کے انتخابات میں پہلے مرحلے میں 69.43 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔












