نئی دہلی ،پریس ریلیز،ہمارا سماج: لوک سبھا انتخابات 2024میں دہلی کی ساتوں سیٹوں پر بی جے پی اور انڈیا اتحاد کے درمیان سیدھا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی اتحاد کے تحت انتخابات میں یہ پہلا موقع تھا کہ جب عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے بی جے پی کے خلاف مشترکہ امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ دہلی میں کل سات سیٹوں میں سےعام آدمی پارٹی چار سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے۔جبکہ تین سیٹوں پر کانگریس امیدوار میدان میں تھے ۔الیکشن کمیشن نے دہلی میں لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ہونے والی ووٹنگ کے حتمی ووٹنگ فیصد کے اعداد و شمار جاری کئے ہیں ۔ اس کے مطابق دہلی میں کل حتمی ووٹنگ کا فیصد 58.69 رہا۔ دہلی کی سات پارلیمانی سیٹوں میں سے سب سے زیادہ ووٹنگ شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ میں ہوئی ۔ یہاں 62.89 فیصد ووٹنگ سے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے ۔ اس سیٹ پر انڈیا اتحاد اور کانگریس پارٹی کے امیدوار کنہیا کمار کے ساتھ مقامی لیڈران اپنی پوری محنت سے
الیکشن میں لگے ہوئے تھے ۔شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ میں کل 10اسمبلی حلقہ آتے ہیں ۔ان 10اسمبلی حلقوں میں سے سب سے زیادہ ووٹنگ سیلم پور اسمبلی حلقہ میں ہوئی ہے ۔ سیلم پور اسمبلی میں کل ووٹروں کی تعداد 1,80,971ہے ۔ تقریبا 1,24,291 ووٹرس نے حق رائے دہی کا بھر پور استعمال کرتے ہو ئے 68.68فیصد ووٹنگ کی ہے ۔پوری دہلی میں سیلم پور اسمبلی میں ہونے والی اس ووٹنگ کا سہرا کانگریس کے قد آور لیڈر اور سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد کے سر جاتا ہے ۔ جنہوں نے ہر وارڈ میں میٹنگ منعقد کرکے ووٹرس کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔تاہم ضلع سطح پر بھی چودھری متین احمد نے معزز افراد سے لیکر عام لوگوںتک رابطہ کرکے لوگوں کو ووٹ کی اہمیت بتائی جس کے نتائج آج ہر کس و ناکس کے سامنے ہیں ۔ چودھری متین احمد سیلم پور اسمبلی حلقہ کا جانا مانا اور مضبوط نام ہے ، لوگ ان کی باتوں پر اعتماد کرتے ہیں ۔ متین احمد آج بھی عوام کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ان کی اسی خوبی سے لوگ ان سے متاثر نظر آتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ لوک سبھا الیکشن میں جب متین احمد کو ذمہ داری دی گئی کہ اپنی اسمبلی میں ڈاکٹر کنہیا کمار اور انڈیا اتحاد کو مضبوطی کیلئے کام کروں تو متین احمد نے کمر کسی اور ان کی محنت رنگ لائی ۔ وہیں بابر پور ضلع صدر اور سابق کونسلر چودھری زبیر نے بھی ضلع کی پانچوں اسمبلیوں میں جاکر سبھی بلاک صدور کے ساتھ بوتھ کمیٹیاں تشکیل دیں ۔ زبیر احمد کی قیادت میں پوری دہلی میں سب سے پہلے 20بلاک صدور نے اپنی اپنی بوتھ کمیٹی بنا کر ریاستی دفتر میں جمع کروائیں ۔ ۔ علاوہ ازیں زبیر احمد نےسیلم پور اسمبلی حلقہ کے چاروں بلاک صدور کی ٹیم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ووٹنگ کیلئے لوگوں سے بات چیت کی اور ایک منظم منصوبہ بندی کی ۔خواتین کو ووٹ کے تئیں بیدار کرنے میں چوہان بانگر وارڈ سے کونسلر شگفتہ چودھری زبیر نے مسلسل خواتین سے رابطہ کیا ۔ شگفتہ چودھری نے انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے بعد خواتین کو کیا سہولت ملیں گی ان کو تفصیل سے بتایا ۔ خیال رہے کہ 4جون کو کنہیا کمار شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے کامیاب ہوتے ہیں تو چودھر ی متین احمد اور چودھری زبیر احمد کی ٹیم کی محنت کا کنہیاکمار کو جتانے میں کی گئی محنت کو فراموش نہیں کیا جائے گا ۔












