افسر علی نعیمی ندوی
بیدر، سماج نیوز سروس : آج 31؍مئی جمعہ کو فیض پورہ بیدر میں واقع سرکاری اردو ہائرپرائمری اسکول کے تعلیمی سال 2024-25کا آغاز ہوا جس کا افتتاح اردو میڈیم کی دہم جماعت میں کامیاب طالبات عائشہ صدیقہ اور اُم سلمہ مثیرہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ صدر مدرس جناب عبدالسلیم اسد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاطلبہ وطالبات اور اولیائے طلبہ کو بتایاکہ عائشہ صدیقہ کا تعلق نرنہ سے ہے ۔ یہ اور ان کی بہنیں ہمیشہ تعلیم کے میدان میں آگے رہی ہیں اسلئے انہیں اسکول کے آغاز کاافتتاح کرنے کی زحمت دی گئی ہے۔ اسی طرح ام سلمہ مثیرہ نے دہم جماعت میں اردو مضمون میں 125میں سے 125نشانات حاصل کئے ہیں۔ انھیں بھی افتتاح کی زحمت دی گئی ہے۔ تاکہ آپ طلبہ وطالبات بھی ان ہی کی طرح نمایاں نشانات سے کامیابی حاصل کریں۔ بعدازاں عائشہ صدیقہ اور ام سلمہ مثیرہ نے طلبہ وطالبات سے خطاب کیا اور انہیں دل لگاکر پڑھنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر عائشہ صدیقہ اور ام سلمہ مثیرہ کی شالپوشی اور گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔ان کے سرپرست اور والدہ کی بھی شالپوشی اور گلپوشی کی گئی۔ اس تقریب سے قبل اسکول کے صدرمدرس کی قیادت میں تمام اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے پربھات پھیری نکالی اور باجا بجاتے ہوئے محلہ کی مختلف گلیوں کادورہ کیا۔ تعلیمی سال 2024-25کی سرگرمیوں یعنی اسکول کا آغاز کالج کی طالبات عائشہ صدیقہ اور ام سلمہ مثیرہ کے ہاتھوں ربن کاٹ کر کیاگیا۔ جناب عبدالسلیم اسدنے بتایاکہ اس سال سے ایل کے جی اور یوکے جی انگریزی میڈیم میں داخلوں کاآغاز ہمارے اسکول میں ہورہاہے لہٰذاہم اس موقع پر سرسید احمد خان کو خراج عقیدت پیش کریں گے کہ ان کے زمانے میں علماء نے انگریزی پڑھنے سے منع کردیاتھا لیکن وہ سرسید احمد خان ہی تھے جنہوں نے مسلم قوم کوانگریزی پڑھنے کی طرف راغب کیا۔سرسیداحمد خان کی تصویر کو پھول مالاپہنائی گئیں۔ ایسے طلبہ جو ذہنی طورپر پیچھے ہیں یا ہینڈی کیپڈ ہیں ، انہیں حکومت کی جانب سے 500 روپیوں سے لے کر 3000روپیوں تک کاچیک پیش کیاگیا۔ یہ چیک عائشہ صدیقہ ، ام سلمہ اور ان کی والدہ (مہمان )کے ہاتھوں پیش کیاگیا۔ اسی طرح سرکاری ہائیرپرائمری اسکول فیض پورہ بیدر کی سب سے ذہین اور محنتی طالبہ کوام سلمہ مثیرہ نے اپنی جانب سے اسکول بیاگ کا تحفہ پیش کیا۔ اس تقریب میں اسکول کے تمام طلبہ وطالبات اور معلمین ومعلمات موجودتھیں۔ بعدازاں تمام مہمانوں نے طلبہ کے ساتھ دوپہر کا کھانا تناول فرمایا۔












