علی گڑھ،سماج نیوز سروس: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اناٹومی نے ’’آرٹ انوٹومی‘‘ کے عنوان سے ایک ماڈل سازی مقابلہ منعقد کیا۔اس میں ہمالی سنگھ، افشاں ناز اور تلبیہ خانم کی ٹیم کو پہلا انعام ،جے جادون، ابھیشیک جادون اور تنوج شرما کی ٹیم کو دوسرا اور ثانیہ امتیاز، مہناز مہتاب اور ناظرہ امان کی ٹیم کو تیسرا انعام دیا گیا۔تقریب تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد خالد ، چیئرمین، شعبہ ریڈیو ڈائیگنوسس نے فاتحین کو مبارکباد پیش کی اور میڈیکل کے طلباء پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لیں ، لیکن انعام نہ ملنے پر مایوس نہ ہوں، کیوںکہ مسابقتی پروگراموں میں شرکت ، فرد کو زندگی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لائق بناتی ہے۔اس سے قبل مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے شعبہ کے چیئرمین پروفیسر فضل الرحمان نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے سیکھنے کا جذبہ اور باہمی تعاون کی عادت کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اس سے طلباء میں تنقیدی فکر اور مسائل حل کرنے کی اہلیت بھی پیدا ہوتی ہے اور طلباء میں مقابلے کا صحت مند مزاج پیدا ہوتا ہے۔ مقابلے کے ججوں میں پروفیسر فضل الرحمان، پروفیسر سنگیتا سنگھل (شعبہ فزیالوجی)، پروفیسر عظمیٰ ارم (شعبہ کمیونٹی میڈیسن) اور ڈاکٹر صفیہ حبیب (شعبہ بایو کیمسٹری) شامل تھے۔ڈاکٹر نیما عثمان ،آرگنائزنگ سکریٹری اور ڈاکٹر صوفیہ نسیم، جوائنٹ آرگنائزنگ سکریٹری تھیں۔












