لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی قید تنہائی نہیں قید عیاشی کاٹ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی کے جیل میں کمرے کی تصاویر سپریم کورٹ میں پیش کردیں، تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا بیان سامنے آیا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ تصاویر دیکھ کر لگ رہاہے بانی پی ٹی آئی قید تنہائی نہیں قید عیاشی کاٹ رہے ہیں، اتنی عیاشی تو گھر پر بھی نہیں، بانی پی ٹی آئی جھوٹا بیانیہ بنانے کے ماہر ہیں، بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی جیب سے سائفر نکال کر لہرایا پھر کہا کہ وہ صرف کاغذ تھا۔مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں من پسند سہولتیں مل رہی ہیں، انہیں ضرورت سے زیادہ سہولتیں مل رہی ہیں، ملازم بھی موجود ہے، بس اب صرف ناردرن ایریاز کے ٹرپ کی آفر کرنا رہ گیا ہے۔












