سید پرویز قیصر
آئیر لینڈ کے خلاف نیویارک میں کھیلے گئے عالمی کپ کے میچ میں روہت شرما نے ریٹائر ہرٹ ہونے سے پہلے48 منٹ میں 37 بالوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے52 رن بنائے اور ہندوستان کو آٹھ وکٹ کی جیت دلانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ اپنی اس شاندار اننگ کے دوران وہ ٹونٹی تونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے چار ہزار رن مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں چار ہزار رن بنانے والے وہ ہندوستان کے دوسرے اور کل ملاکرتیسرے بلے باز بنے۔
ہندوستانی کپتان نے آئیر لینڈ کے خلاف میچ کے اختتام تک جو152 میچ کھیلے ہیں انکی144 اننگوں میں 32.20 کی اوسط اور 139.98 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچ سنچریوں اور30 نصف سنچریوں کی مدد سے 4026 رن بنائے ہیں۔ وہ 12 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر121 رن ہے جو انہوں نے افغانستان کے خلاف بنگلور میں17 جنوری 2024 کو103 منٹ میں69 بالوں پر گاگیارہ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔یہ میچ ٹائی رہا تھا اورہندوستان نے دوسرے سپر اوور میں جیت اپنے نام کی تھی۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ انگلینڈ کے خلاف ڈربن میں 19 ستمبر2007 کو پہلے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے دوران کھیلا تھا۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں چار ہزار رن بنانے والے پہلے بلے باز ہندوستان کے وراٹ کوہلی تھے۔ وراٹ کوہلی جنہوں نے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں12 جون2010 کو اپنا پہلاٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلا تھا، اپنے چار ہزار رن انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ میں 10 نومبر2022 کو اپنی پچاس رن کی اننگ کے دوران عبور کیا۔ انہوں نے115 ویں میچ کی107 ویں اننگ میں اپنے چار ہزار رن مکمل کئے تھے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے ابھی تک جو118 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی110 اننگوں میں51.11 کی اوسط اور137.95کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور37 نصف سنچریوں کی مدد سے4038 رن بنائے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر122 رن ہے جو انہوں نے افغانستان کے خلاف دوبئی میں8 ستمبر2022 کو90 منٹ میں61 بالوں پر بارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان نے101 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں بابر اعظم نے29 منٹ میں22 بالوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے36 رن بنائے۔ اس اننگ سے پاکستان کو اس میچ میں جیت نہیں ملی البتہ اس اننگ کے دوران وہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے چار ہزار رن مکمل کرنے میں ضرور کامیاب ہوگئے۔ وہ ایسا کرنے والے ہندوستان کے وراٹ کوہلی کے بعد دوسرے بلے باز بنے تھے۔
بابر اعظم نے اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ انگلینڈ ہی کے خلاف مانچسٹر میں7 ستمبر2016 کو کھیلا تھا۔ انہوں نے تب سے اب تک جو119 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی112 اننگوں میں 41.05 کی اوسط اور130.15 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور36 نصف سنچریوں کی مدد سے4023 رن بنائے ہیں ۔ وہ چھ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور122 رن ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں77 منٹ میں59 بالوں پر15 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے نو وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
آئیر لینڈ کے خلاف میچ میں روہت شرما ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ایک ہزار رن بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ وہ ایسا کرنے والے وراٹ کوہلی کے بعد دوسرے اور کل ملاکر تیسرے بلے با ز بنے۔ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے میں بھی ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ایک ہزار سے زیادہ ر ن بنائے ہیں۔












