نئی دہلی (یو این آئی) مسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے منگل کو زراعت اور کسانوں کی بہبود کی مرکزی وزارت کا عہدہ سنبھالا۔مسٹر چوہان صبح کرشی بھون میں واقع وزارت کے دفتر پہنچے جہاں سینئر افسروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مسٹر چوہان نے کہا کہ زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو عملی جامہ پہنانے میں ایک اہم کڑی کے طور پر کام کرے گی۔ کسانوں کی فلاح و بہبود وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘میں، میرے ساتھی وزراء اور افسران ایک ٹیم کے طور پر مل کر کام کریں گے ۔ سخت محنت اور کوششوں کی حد کو حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا ” سنکلپ پتر افسروں کو سونپا گیا ہے ، جس میں یہ وعدہ بھی ہے کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے اور مودی جی کی گارنٹی ہے ۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر وعدے کو پورا کرنے کے لیے بھی آج سے کام شروع ہو جائے گا۔ ‘‘آئیے ہم سب مل کر کھیتی باڑی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خود کو وقف کریں۔












