نئی دہلی،سماج نیوز سروس: وزیر اعلی اروند کیجریوال کی ہدایت پر دہلی کے کابینہ کے وزراء آتشی اور سوربھ بھردواج نے جمعہ سے ایم ایل ایز کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ جمعہ کو ہونے والی میٹنگ میں اراکین اسمبلی کے ساتھ ان کے علاقوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی ہدایت پر آنے والے دنوں میں تمام ایم ایل اے سے ان کے علاقوں کے اہم کاموں کی تفصیلات لی جائیں گی اور ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں گے۔ میٹنگ میں ایم ایل اے کے ذریعہ اٹھائے گئے زیادہ تر مسائل ان کے علاقوں میں لوگوں کی سہولیات سے متعلق ترقیاتی کاموں سے متعلق تھے جن میں پانی، سیور کی صفائی، گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر نو، مانسون سے متعلق تیاریاں شامل ہیں۔اس موقع پر ایم ایل اے سے خطاب کرتے ہوئے کابینی وزیر آتشی نے کہا کہ انتخابات کی وجہ سے ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے پچھلے دو ماہ سے نئے ترقیاتی کاموں کو منظوری نہیں دی جا سکی۔ لیکن اب ضابطہ اخلاق کے خاتمے کے بعد شہر میں تمام ترقیاتی کام دوگنی رفتار سے شروع کیے جا رہے ہیں۔کابینی وزیر سوربھ بھردواج نے یہ بھی کہا کہ ایم ایل ایز نے اپنی اسمبلیوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے جو بھی مطالبات کیے ہیں ان پر فوری نوٹس لیا جائے گا اور تمام متعلقہ محکموں کو ان کاموں کو فوری شروع کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔وزیر آتشی نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی ہدایات کو ایم ایل ایز سے شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تمام ایم ایل ایز کو گراؤنڈ میں جانا چاہئے، عوام کے درمیان ہونا چاہئے اور لوگوں کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے۔












