لکھنؤ(یواین آئی) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی جانب سے پارلیمنٹ میں ایمرجنسی کے خلاف پڑھے گئے مذمتی قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ملک کی موجودہ نسل کو یہ جاننے کا حق ہے کہ کانگریس نے آزادی کے بعد جمہوریت اور آئین کے خلاف کس قسم کا رویہ اختیار کیا تھا۔یوگی نے بدھ کو کہا کہ کانگریس میں آج بھلے ہی چہرے بدل گئے ہیں لیکن اس کا کردار مطلق العنان اور تانا شاہی والا ہی ہے ۔ انہوں نے کہا’ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایمرجنسی کے ایک مذمتی قرار پڑھا ہے ۔ اس کے لئے ان کا دل سے استقبال۔ ہم سب جانتے ہیں کہ 25 جون 1975 کی نصف رات میں اس وقت کی کانگریس قیادت کی حکومت نے اندرا گاندھی کی قیادت میں اس آئین کا گلا گھونٹنے کا کام کیا تھا۔ جس کی حلف لے کر وہ ملک کی وزیر اعظم بنی تھیں۔ یہ ملک کی جمہوریت کے قتل کی کوشش تھی۔ کانگریس کے اس کالے کارناموں کو عوام تک پہنچانا ضروری ہے ۔وزیراعلی نے کہا کہ آج ہندوستان کی پارلیمنٹ نے وہی کام کیا ہے ۔ کانگریس کی موجودہ قیادت آئین کے نام پر اور ریزرویشن ختم کرنے کے نام پر ملک کو گمراہ کرتا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار اور آئینی اداروں پر کانگریس کا آج بھی یقین نہیں ہے ۔ ہندوستان کی ہر آئینی ادارے کو کٹھگرے میں کھڑا کرنا ، بیرون ممالک میں ہندوستان کی جمہوریت اور انتخابی عمل پر سوالیہ نشان کھڑا کرنا ان کی فطرت ہے ۔












