ممبئی پریس ریلیز،ہماراسماج نیوزسروس: اسلامک فقہ اکیڈمی (انڈیا) کا سہ روزہ سمر کیمپ (تربیتی ورکشاپ) آج اختتام پذیر ہوا، اس تربیتی ورکشاپ میں جامعہ امام شاہ ولی اللہ الاسلامیہ پھلت، معہد التخصص فی اللغۃ العربیۃ نئی دہلی، جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی، اور انڈیا سینٹر فار اسلامک فائنانس نئی دہلی ، اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی نئی دہلی، جامعہ ہمدرد نئی دہلی اور NIEPIDنوئیڈا سے تقریباً ۵۵؍طلبہ واسکالرس بشمول طالبات نے شرکت کی اور بحث میںبھرپور حصہ لیا۔اختتامی نشست سے پہلے دو علمی نشستیں ہوئیں جن میں نئی تعلیمی پالیسی۔ ایک تجزیہ، دینی وعصری اداروں میں ہورہی آن لائن تعلیم۔ ایک جائزہ، نئے فارغین کی رہنمائی کے لئے کاؤنسلنگ سنٹر کی ضرورت وافادیت، ہائر ایجوکیشن اور مسلمان ۔ ہندوستان کے خصوصی حوالے سے،تعلیم وتربیت میں جدید ٹکنالوجی کا استعمال ، دستور ہند اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق جیسے اہم موضوعات پر محاضرات ومقالات پیش کئے گئےیہ دونوں نشستیں بالترتیب مفتی احمد نادر القاسمی اور مولانا صفدر زبیر ندوی کی کنوینرشپ میں ہوئیں۔اس کے بعد اختتامی نشست میں شرکاء نے اپنے تاثرات پیش کئے اور شرکاء کو سند مشارکت سے سرفراز کیا گیا، اور پھر چیف گیسٹ کی حیثیت سے پروفیسر محسن عثمانی اور اس نشست کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر عبد القادر خاں قاسمی نے شرکاء سے پرمغز خطاب کیا اور شرکاء کو مفید علمی مشورے دیئے۔ اس نشست کی نظامت کے فرائض مفتی امتیاز احمد قاسمی نے انجام دیئے، مفتی احمد نادر القاسمی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور ڈاکٹر عبد القادر خاں قاسمی کی دعاپریہ سہ روزہ تعلیمی، سماجی اور معاشی مسائل پر منعقد سمر کیمپ کا بحسن وخوبی اختتام ہوا۔












