برازیل :ہوائی سفر کے دوران اکثر کچھ ایسے واقعات رونما ہو ہی جاتے ہیں جو کہ مسافروں کو خوف میں مبتلا کر دیتے ہیں۔
حال ہی میں اسپین کی فلائٹ کے ساتھ کچھ ایسا ہوا ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپین کی ایئر یورپا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر برازیل میں شدید ہچکولوں کا شکار ہوئی ہے، جس کے بعد مسافر طیارے کی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔ہنگامی لینڈنگ کا واقعہ پیر کے روز پیش آیا ہے جہاں جہاز میں شدید جھٹکوں سے 30 مسافر زخمی ہو گئے، جبکہ مسافر اپنی جگہ سے اٹھ کر تتر بتر ہو گئے۔
دوران پرواز پیش آنے والے اس واقعے میں ایک مسافر ایسا بھی تھا، جو شدید جھٹکوں کے باعث اتنا متاثر ہوا کہ اس کا سر ہی جہاز کی چھت میں پھنس گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر شدید پریشانی اور ہڑبڑائی صورتحال کا شکار ہیں جبکہ مسافر جہاز کی چھت اور سامان رکھنے کی جگہ پر پھنسا ہوا ہے۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق پرواز اسپین ک شہر میڈرڈ سے یوروگوائے کے دارالحکومت مونتیویڈیو جا رہی تھی، تاہم شدید جھٹکوں کے باعث پرواز کو برازیل کے ناتال ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔












