اسرائیل :اسرائیل کے ایک ٹی وی "چینل نے بدھ کی شام بتایا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو کی قریبی شخصیات نے آنے والے مہینوں میں وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کو ان کے منصب سے ہٹانے پر بات کی ہے۔
یاد رہے کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کے درمیان اختلافات کچھ عرصہ قبل علانیہ شکل میں سامنے آ چکے ہیں۔اس سے قبل رواں ماہ کے اوائل میں اسرائیلی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ نیتن یاہو نے گیلنٹ کی موساد اور شاباک سیکورٹی اداروں کے سربراہان کے ساتھ انفرادی ملاقات کو مسترد کر دیا تھا۔ ملاقات میں اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے کی تفصیلات زیر بحث آنا تھیں۔
نیتن یاہو نے گیلنٹ کو باور کرایا تھا کہ "یہ ملاقات میری شرکت کے ساتھ ہونا چاہیے ، چھوٹے سیکورٹی فورم کا سربراہ میں ہوں”۔
بعد ازاں موساد اور شاباک کے سربراہان کے ساتھ نیتن یاہو کے اجلاس میں گیلنٹ کو شرکت سے روک دیا گیا تھا۔
رواں سال مئی میں نیتن یاہو اور گیلنٹ کے درمیان اس بات پر شدید علانیہ اختلاف سامنے آیا تھا کہ جنگ کے بعد غزہ کی پٹی کا انتظام کون چلائے گا۔












