پیرس :فرانس میں آج اولمپکس کے افتتاح کے موقع پر غیر معمولی سیکیورٹی کے باوجود نامعلوم افراد نے ٹرین نیٹ ورک پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی۔ شرپسندوں کے حملوں کے باعث پیرس سمیت اہم ریلوے اسٹیشنز کے نظام میں خلل واقع ہوا جس کے نتیجے میں بہت سی ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی۔
فرانس کے ریلوے نیٹ ورک نے سسٹم کو پہنچنے والے نقصان کا تیزی سے ازالہ کیا تاکہ ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے پیرس پہنچنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم میں خرابی بہت حد تک دور کرکے ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی ہے تاہم سسٹم کو مکمل طور پر درست کرنے میں ہفتہ لگے گا۔
بہت سی ٹرینوں کو وہیں واپس بھیجا جارہا تھا جہاں سے وہ روانہ ہوئی تھیں۔ فرانس کے دارالحکومت میں آج سے شروع ہونے والے اولمپکس کے مقابلے دیکھنے کے لیے فرانس کے دور افتادہ علاقوں کے علاوہ پڑوسی یورپی ممالک سے بھی بہت بڑی تعداد میں لوگ پیرس پہنچ رہے ہیں۔یاد رہے کہ فرانس میں بہت سے سماجی گروپس نے اولمپک مقابلوں میں اسرائیل کی شرکت پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی دستے کو واپس بھیجا جائے۔ غزہ کی صورتِ حال کے لیے اسرائیلی فوج پر شدید تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اس بات کا حق حاصل نہیں کہ بین الاقوامی مقابلوں میں شریک ہو۔
کچھ دن قبل اولمپکس میں اسرائیل کی شرکت کے خلاف پیرس سمیت فرانس کے متعدد شہروں میں مظاہرے بھی ہوئے تھے۔












