سوڈان:سوڈان میں جنگ کے آغاز کے 15 ماہ سے زائد عرصے کے بعد شمالی دارفور ریاست کے دارالحکومت الفاشر میں ہفتے کے روز توپ خانے کی بمباری کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے۔الفاشر میں واقع سعودی ہسپتال کے ایک طبی اہلکار نے ’اے ایف پی‘کو بتایاکہ، ہمارے پاس 22 ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پہنچی ہیں۔ مویشیوں کی منڈی اور ریدیف محلے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں”۔ جب کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں علاقوں پر توپ خانے سے بمباری کی گئی۔عینی شاہدین نے مزید کہا کہ گولے گرنے سےکچھ مکانات تباہ ہو گئے۔
مئی کے آغاز سے الفاشر میں شدید لڑائیاں ہو رہی ہیں۔ یہ دارفور کا واحد بڑا شہر ہے جو اب تک ریپڈ سپورٹ فورسز کے کنٹرول میں نہیں آیا۔ریپڈ سپورٹ فورسز نے اس شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں سوڈانی شہری آباد ہیں۔رواں جولائی کے آغاز میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے شہر کے ایک بازار پر حملے کے بعد الفاشر دو ہفتوں تک نسبتاً پرسکون رہا، تاہم جولائی کے شروع میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں 15 شہری ہلاک اور 29 زخمی ہوئے۔24 جون کو ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کی طرف سے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس تاریخ تک الفاشر میں لڑائی کے نتیجے میں 260 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔












