نئی دہلی،سماج نیوز سروس: دہلی کے راجیندر نگر میں ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں ہوئے المناک حادثے کے بعد دہلی حکومت نے فوری اور سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ دہلی کی وزیر ریونیو آتشی نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے یہ واقعہ مجسٹریٹ تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ساتھ ہی 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیر ریونیو نے کہا کہ اس حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔اس افسوسناک واقعہ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ریونیو منسٹر آتشی نے ایک تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے عہدیداروں کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو لکھا ہے کہ مجھے ابھی ایک انتہائی چونکا دینے والی اطلاع ملی ہے کہ شدید بارش اور راجیندر نگر کے ایک کوچنگ سینٹر میں پانی بھر جانے کی وجہ سے۔اس حادثے میں کچھ طلباء تہہ خانے میں پھنسے ہوئے ہیں اور کچھ طلباء اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔ اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے۔ آتشی نے تمام متعلقہ افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس دوران وزیر آتشی نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی مجسٹریل انکوائری شروع کریں اور 24 گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی غفلت کے باعث یہ افسوسناک واقعہ ہوا ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ جو لوگ اس معاملے میں قصور وار پائے جائیں،ان کو نہ بخشا نہ جائے اور ان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب دہلی کے میئر ڈاکٹر شیلے اوبرائے نے دہلی بھر میں عمارتوں کے تہہ خانوں میں غیر قانونی طور پر چل رہے تمام کوچنگ سینٹرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کوچنگ سینٹرز بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور انہیں قواعد کے مطابق نہیں چلایا جا رہا ہے۔اتوار کی صبح دہلی کے اولڈ راجیندر نگر علاقے میں ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے تہہ خانے میں اچانک سیلاب کی وجہ سے تین طلباء کی المناک موت ہو گئی۔












