علی گڑھ،سماج نیوز سروس: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے فیکلٹی آف میڈیسن کی ڈین اور میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر وینا مہیشوری کی نگرانی میں اپنی دوسری سہ ماہی کور کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا۔اس دوران ڈاکٹر نفیس خان، نوڈل آفیسر (کلینیکل) نے قومی تپ دق خاتمہ پروگرام (این ٹی ای پی) کے تحت پچھلے تین مہینوں میں کیے گئے کاموں کی رپورٹ پیش کی۔ دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں تپ دق کے 3,336 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا، جو کہ پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے مقابلے میں تقریباً 800 مریضوں کا اضافہ ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس مدت کے دوران تقریباً 650 بچوں کا بھی این ٹی ای پی کے تحت علاج کیا گیا۔میٹنگ میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر وسیم رضوی، شعبہ پلمونری میڈیسن کے چیئرمین پروفیسر محمد شمیم، ڈپٹی ڈی ٹی او ڈاکٹر عمران سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور یونیورسٹی کے دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں این ٹی ای پی کی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں زیادہ سے زیادہ مریضوں تک رسائی کے لیے خدمات کو وسعت دینے پر توجہ دی گئی۔ نکشے مترا اسکیم کا بھی جائزہ لیا گیا ، جس کے تحت تپ دق کے مریضوں کو اپنایا جاتا ہے اور انہیں بھرپور تغذیہ بخش غذا فراہم کی جاتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جے این میڈیکل کالج نہایت مؤثر طریقے سے تپ دق کا علاج کر رہا ہے اور قومی مشن میں گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے۔












