موتیہاری، : جے ڈی یو کے قد آور لیڈر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے شیوہر کی ممبر پارلیمنٹ رما دیوی کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے مشرقی چمپارن کے ڈھاکہ اسمبلی حلقہ کو پاکستان کا نام دیا ہے ۔دراصل مظفر پور کے کوڈھنی اسمبلی حلقہ میں ہو رہے ضمنی انتخاب کی تشہیر کے دوران رما دیوی نے ڈھاکہ اسمبلی حلقہ کے ممبر اسمبلی پون جیسوال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تو پاکستان بھی جیتا ہے اور ڈھاکہ پاکستان ہی ہے ۔جے ڈی یو کے فعال قائد ڈاکٹر خالد انور نے رما دیوی کی اس گندی سوچ اور متنازع بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈھاکہ کو پاکستان کہنا اور پون جیسوال کو پاکستان کا ممبر اسمبلی کہنا ڈھاکہ کے راءے دہندگان کا کھلم کھلا مذاق ہے۔ جن لوگوں کی بدولت آج رما دیوی اور پون جیسوال کرسی پر براجمان ہیں آج انہیں لوگو ں کو پاکستانی کا نام دے کر ان کی توہین کی جا رہی ہے۔ ڈھاکہ کے لوگ ممبر پارلیمنٹ کی گندی سوچ کو کبھی بھی برداشت نہیں کر سکتے ۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کو اپنے اس شرمناک بیان سے شیوہر اور ڈھاکہ کے لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ رما دیوی اور پون جیسوال نے معافی نہیں مانگی تو ان کے خلاف ہم لوگ احتجاج و مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ آج چمپارن کی سرزمین ڈھاکہ کو بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ شرمسار کیا گیا ہے۔ جدیو ایم ایل سی نے کہا کہ کتنی شرم کی بات ہے کہ جن ووٹروں کے دم پر آج وہ لوگ کرسی پر بیٹھے ہوءے ہیں انہیں ہی پاکستانی قرار دیا جا رہا ہے ۔جبکہ یہی وہ سرزمین ہے جہاں سے بابائے قوم مہاتما گاندھی نے انگریزوں کے خلاف آواز اٹھائی تھی ۔ یہ ڈھاکہ کے ہی لوگ ہیں جنہوں نے 1916 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ پارٹی کو نامنظور کر آپسی یگانگت کا پیغام دیا تھا۔لیکن افسوس آج اسی اسمبلی حلقہ کے ہندوؤں،پسماندوں ،کسانوں ،دلتوں اور اقلیتوں کو پاکستانی بتا کر انکی توہین کی جا رہی ہے۔جو کہ کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ اس طرح کا بیان دے کر بی جے پی والے قومی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کو پارہ پارہ کرنا چاہ رہے ہیں جو کہ انکی بنیاد میں ہی شامل ہے ۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ رما دیوی اس بات کو بھول گءی ہیں کہ جس ڈھاکہ کے لوگوں نے تین لاکھ سے زائد ووٹ دے کر انہیں ایم پی بنایا ہے اسی ڈھاکہ کو پاکستان کہنا ان کی ذہنی کج روی کو ظاہر کرتا ہے ۔اس لیے میں رما دیوی کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ڈھاکہ کے لوگوں کے جذبات سے کھلواڑ کرنا بند کریں اور ان سے معافی مانگیں۔












