سید پرویز قیصر
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سریز کا پہلا ٹسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ (21 اگسٹ) سے شروع ہوگا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پاکستان میں ہونے والا چھٹا اور کل ملاکر چودھواں ٹسٹ ہوگا۔
پاکستان نے اپنے گھر پربنگلہ دیش کے خلاف سبھی پانچ ٹسٹ جیتے ہیں جبکہ کل ملاکر اس نے تیرہ میں سے بارہ میں جیت درج کی ہے جبکہ ایک ٹسٹ برابر رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان برابر رہنے والا واحد ٹسٹ کھلنا میں اپریل۔مئی 2015 میں کھیلا گیا تھا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جو آخری پانچ ٹسٹ ہوئے ہیں ان سب سے میں جیت پاکستان نے حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان آخری ٹسٹ میر پور ،ڈھاکہ میں دسمبر2021 میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے ایک اننگ اورآٹھ رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔پاکستان نے اپنی واحد اننگ 98.3 اوور میں چار وکٹ پر 300 رن بناکر ڈکلیر کردی تھی جس کے جواب میں بنگلہ دیش کے سبھی کھلاڑی32 اوور میں87 رن بناکرآوٹ ہوگئے تھے جسکی وجہ سے اسے فالوآن پرمجبور ہونا پڑا۔فالوآن کے بعد بنگلہ دیش کے سبھی کھلاڑی84.4 اوور میں205 رن بناکر آوٹ ہوئے اور میچ ایک اننگ اور آٹھ رن سے گنوادیا۔
پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف سب سے زیادہ اسکور168.4 اوور میں628 رن ہے جو اس نے کھلنا میں اپریل2015 میں بنایا تھا۔ اسی میچ میں بنگلہ دیش نے136 اوور میں چھ وکٹ پر 555 رن بنائے تھے جو اس کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہے۔
میر پور،ڈھاکہ میں دسمبر 2021 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے سبھی کھلاڑی32 اوور میں87 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف سب سے کم اسکور54.4 اوور میں175 رن ہے جو اس نے ملتان میں ستمبر2003 میں ہوئے میچ میں بنایا تھا۔
اظہر علی نے میر پور، ڈھاکہ میں مئی2015 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں562 منٹ میں428 بالوں پر20 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 226 رن بناے تھے جو پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ تیمم اقبال کے پاس ہے جنہوں نے کھلنا میں اپریل 2015 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں 448 منٹ میں278 بالوں پر17 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے206 رن بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف ایک اننگ میں سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ آف بریک بالر ساجد خان کے پاس ہے جنہوں نے میر پور، ڈھاکہ میں دسمبر2021 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں15 اوور میں42 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ تیج الاسلام نے چٹا گانگ میںنومبر 2021 میں کھیلے گئے ٹسٹ میں44.4 اوور میں 116 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔
ایک ٹسٹ میں پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ دنیش کنیریہ کے پاس ہے جنہوں نے ملتان میں اگست 2001 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں28 اوور میں94 رن دیکر بارہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک ٹسٹ میں سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ تیج الاسلام کے پاس ہے جنہوں نے چٹا گانگ میں نومبر 2021 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں72.4 اوور میں205 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔












