ڈھاکہ (یو این آئی) سابق چیف سلیکٹر فاروق احمد کو بدھ کے روز بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا نیا صدر بنا دیا گیا۔ ڈھاکہ میں نیشنل اسپورٹس کونسل (این ایس سی) کے دفتر میں آج ہونے والے بی سی بی کی میٹنگ میں نظم الحسن نے باضابطہ طور پر بتایا کہ انہوں نے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، اس کے بعد ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر فاروق احمد کو بورڈ کا نیا صدر منتخب کیا۔ حسن کی مدت کار اگلے سال اکتوبر میں ختم ہونے والی تھی لیکن ملک میں حال ہی میں ہونے والے شیخ حسینہ حکومت کے تختہ پلٹ کی وجہ سے انہوں نے قبل از وقت استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش کے بجائے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اکتوبر میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق اب بھی ان کے پاس ہیں۔اس سے قبل این ایس سی کی جانب سے بورڈ کے ڈائریکٹرز میں نامزد ہونے کے بعد فاروق اور نظم العابدین فہیم نے بی سی بی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ این ایس سی نے جلال یونس اور احمد سجاد العالم کی جگہ فاروق اور فہیم کو بورڈ کے ڈائریکٹر میں شامل کیا۔ میٹںگ میں قاضی انعام احمد، افتخار احمد اور فہیم سنہا بھی موجود تھے۔ یونس نے پیر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ عالم نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 یو اے ای میں منعقد ہوگا۔ اس وقت بنگلہ دیش کی مردوں کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے۔ جہاں اسے راولپنڈی میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔












