سید پرویز قیصر
سعو د شکیل ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز ایک ہزار رن بنانے کا سعید احمد کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ ( 21اگست)کو شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے دن چائے کے وقفہ کے بعد اپنی آوٹ ہوئے بغیر 57 رن کی اننگ کے دوران33واں رن مکمل کرنے کے بعد ایسا کیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے گیارہویں ٹسٹ کی بیسویں اننگ کے دوران ایسا کیا۔
سعید احمد نے بھی اپنے ایک ہزار رن گیارہویں ٹسٹ کی بیسویں اننگ کے دوران اپنے ایک ہزار رن مکمل کئے تھے۔ انہوں نے آسڑیلیا کے خلاف کراچی میں دسمبر1959 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں اپنی91 رن کی اننگ کے دوران ایسا کیاتھا۔دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ایک ہزار رن بنانے میں ایک سال اور321 دن کا وقت لیا تھا۔ اس ٹسٹ کے اختتام تک انہوں نے گیارہ ٹسٹ میچوں کی21 اننگوں میں52.05 کی اوسط کے ساتھ دو سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے1041 رن بنائے تھے۔ ایک ہزار رن بنانے میں وہ کبھی بھی صفر کا شکارنہیں ہوئے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور166 رن رہا تھا۔
سعید احمد نے 1958 اور1973 کے درمیان جو 41 ٹسٹ میچ کھیلے انکی78 اننگوں میں40.41 کی اوسط کے ساتھ پانچ سنچریوں اور16 نصف سنچریوں کی مدد سے2991 رن بنائے۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور172 رن رہا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میںدسمبر2022 میں اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے سعود شکیل نے اپنے ایک ہزار رن مکمل کرنے میں ایک سال اور264 دن کا وقت لیا۔ اس ٹسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک انہوں نے جو گیارہ ٹسٹ کھیلے ہیں انکی20 اننگوں میں64.00 کی اوسط اور46.50 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دو سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے1024 رن بنائے تھے۔وہ ابھی تک صفر کا شکار نہیں ہوئے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر208 رن ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف گول میں جولائی 2023 میں491 منٹ میں361 بالوں پر19 چوکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس ٹسٹ میں پاکستان نے چار وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھے۔ ٹسٹ کی دوسری اننگ میں انہوں نے36 منٹ میں38 بالوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 30 رن بنائے تھے۔
ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کم اننگوں میں ایک ہزار رن بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس اور انگلینڈ کے ہربرٹ اسٹکلیف کے پاس ہے۔ دونوں نے نویں ٹسٹ کہ بارہویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔ ہربرٹ اسٹکلیف نے ایک ہزار رن بنانے میں244 دن کا وقت لیا۔ وہ آسڑیلیا کے خلاف ملبورن میں13 فرروری1925 کو اپنی143 رن کی اننگ میں ایسا کرنے میں
کامیاب رہے تھے۔انہوں نے339 منٹ میں295 بالوں پر چودہ چوکوں کی مدد سے یہ رن بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس نے بھی ایک ہزار رن مکمل کرنے کیلئے نو ٹسٹ میچوں کی12 اننگوں میں بلے بازی کی تھی۔ انہوں نے ایک ہزار رن بنانے میں ایک سال اور 14 دن کا وقت لیا تھا۔ آسڑیلیا کے ڈان بریڈ مین ٹسٹ کرکٹ میں تیسرے سب سے تیز ایک ہزار رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے ایسا ساتویں ٹسٹ کی 13 ویں اننگ کے دوران کیا تھا۔ وہ ٹسٹ میچوں کے اعتبار سے سب سے جلدی ایک ہزار رن بنانے والے بلے باز ہیں۔












