لاہور (یو این آئی) سابق تیز گیند باز وقار یونس سمیت دیگر پانچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اگلے ماہ ہونے والے ڈومیسٹک مقابلوں کے لیے مینٹور مقرر کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق 12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے چیمپئنز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ کے لیے وقار، مصباح الحق، شعیب ملک، ثقلین مشتاق اور سرفراز احمد کو مینٹور بنایا گیا ہے۔اس سے قبل وقار کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر کا مشیر بنایا گیا تھا۔ اسی مدت کار کے دوران وقار کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے لئے مینٹور بنایا گیا ہے۔ مینٹور کے طورپر ان کی مدت کار تین سال ہوگی۔پی سی بی کے مطابق بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وقار ٹیم کی تعمیر کے کردار کے لیے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘شفاف اور مضبوط بھرتی کے عمل کے تحت یہ تقرریاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے مشیر کے کردار کے لیے اشتہار جاری کیا جائے گا۔












