لندن ( آئی این ایس انڈیا) راولپنڈی ٹیسٹ میں محمد رضوان پر بال پھینکنے پر بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے 4 دنوں کے دوران مثبت انرجی دکھائی دی لیکن آخری دن ایک ناخوشگوار لمحہ دیکھنے میں آیا۔پانچویں دن پاکستان کی اننگز کے دوران جب پاکستان کا اسکور 103 رنز پر 4کھلاڑی آؤٹ تھا اور 33 ویں اوور میں شکیب الحسن کو اوور کی دوسری گیند کرانا تھی تو بنگلہ دیشی آل راؤنڈر گیند کرانے کے لیے آئے لیکن رضوان کھیلنے کے لیے تیار نہ تھے، تو شکیب الحسن نے غصے میں گیند رضوان کی جانب پھینک دی، محمد رضوان سیٹ ہو ہی رہے تھے کہ وہ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر لٹن داس سے گفتگو میں مصروف ہوگئے اور پھر جیسے ہی تیار ہونے لگے شکیب نے رضوان کی جانب گیند پھینک دی۔ساتھ ہی امپائر بھی شکیب سے کچھ کہتے دکھائی دیے، بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ امپائر سے اپنے کیے کی معذرت کررہے ہیں۔اب میچ ریفری کی جانب سے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر آئی سی سی ضابطہ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائدکیا گیا ہے اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی مل گیا ہے۔میچ ریفری کے مطابق شکیب الحسن نے اپنا جرم اور سزا کو قبول کرلیا ہے اس لیے اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں۔خیال رہے کہ پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے شکیب الحسن ان 147 افراد میں شامل ہیں جن پر ڈھاکہ میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد طلبا کے حالیہ مظاہروں کے سلسلے میں درج قتل کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔شکیب الحسن حسینہ واجد کی پارٹی عوامی لیگ کی جانب سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔












