ناظم بیگ
بلند شہر، سماج نیوز سروس:آج کلکٹریٹ میں ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش سنگھ کی صدارت میں ضلع صحت کمیٹی کی میٹنگ طلب کی گئی۔ محکمہ صحت میں جاری اسکیموں اور پروگراموں کا ضلع مجسٹریٹ نے تفصیل سے جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کمشنر کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق مندرجہ بالا نکات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت میں چلائی جانے والی استفادہ کنندگان پر مبنی اسکیموں میں آشا کو ادائیگی میں کم پیش رفت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام انچارج میڈیکل آفیسرز کو ہدایات دی گئیں کہ وہ آشا کو سو فیصد ادائیگی یقینی بنائیں۔ ادائیگی کرنے والے ڈی سی پی ایم اور بی سی پی ایم پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے 31 اگست تک ادائیگی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ا گر اس کے بعد بھی آشا کی ادائیگی باقی رہی تو متعلقہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مراکز میں بنائے گئے آیوشمان آروگیہ مراکز میں لیب کارنر نہیں بنائے گئے ہیں اور وہاں لیب کارنر بنائے جائیں۔ خاند انی منصوبہ بندی کے جائزے میں خواتین کی نس بندی ہدف کے مقابلے میں 42 فیصد ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدف بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ شکشام پورٹل پر 13 سی ایچ سی کے مقا بلے 1سی ایچ سی رجسٹر ڈ ہونے پر ہدایت دی گئی کہ سبھی 13سی ایچ سی کا رجسٹر یشن شکشا م پورٹل پر کیا جائے۔ خواتین اسپتال کی جانب سے منتر ا ایپ پر خوراک فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام حاملہ خواتین کا سو فیصد رجسٹریشن منتر ایپ پر ہونا چاہیے ۔ویکسی نیشن میں ڈسٹر کٹ امیو نائز یشن آفیسر کوہدایت دی کہ ایچ ایم آئی ایس ؍یو ون ؍ای کوچ پر ضلع پروگرام انچارج (این ایچ ایم )سے رابطہ کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ویکسی نیشن کا تمام ڈیٹا مذکورہ پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔ تمام انچارج میڈیکل آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ صحت مراکزمیں آنے والے مریضوں کے علاج معالجے کے مناسب انتظامات کریں۔ صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی استفادہ کنندگان پر مبنی اسکیموں کے فوائد عوام تک پہنچائے جا ئیں۔ موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے لوگوں کو آگاہ کریں۔ میٹنگ میں چیف ڈیولپمنٹ آفیسر جناب کلدیپ مینا،چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ونے کمار سنگھ کے ساتھ تمام انچارج میڈیکل آفیسرز اور متعلقہ محکمہ صحت کے افسران و ملازمین موجود تھے۔












