ناظم منصوری
مرادآباد ، سماج نیوز سروس: آل انڈیا مسلم فیڈریشن اور کلین آزاد نگر ویلفئیر سوسائٹی کے ذمہ داروں نے ناگرک جن کلیان سمیتی کے سر پرست جابر خاں کی قیادت میں اتحاد ملت کونسل کے قومی صدر مولانا توقیر رضا خاں سے ملاقات کرتے ہوئے موجودہ حالات اور مسلمانوںپر بڑھتے مظالم پر قابو پانے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی انہیں ملک اور ریاست میں خواتین کے ساتھ ظلم و جبر اور عصمت دری کے بڑھتے ہوئے واقعات اور خاص طور پر مسلم نوجوانوں میں منشیات کی لت اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والے امتیازی سلوک اور موب لنچنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔سید طارق انور نے کہا کہ اس وقت ہم مسلمانوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے توقیر رضا خان سے ملے اور کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا، اس پر مولانا نے کہا کہ ہم ہر ایک کی آواز ہیں۔ مظلوم چاہے وہ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتا ہو۔ یہ مسلمانوں کی بدقسمتی ہے کہ آج ہمارے پیارے مادر وطن ہندوستان کو آزاد کرانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بزرگوں کو حقارت اور نفرت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ اس وقت اقلیتوں، چاہے وہ عیسائی ہوں، سکھ ہوں یا مسلمان، سب کے ساتھ دوہری سیاست کی جارہی ہے۔ قانون حکومت کے دباؤ میں ہے جب کہ قانون کو انصاف کے ساتھ چلنا چاہیے۔ مولانا نے کہا کہ آپ شہر میں ایک ٹیم بنائیں اور نوجوانوں کو نشے کی لت سے نجات دلائیں، تعلیم کا مشورہ دیں اور معصوم لڑکوں اور لڑکیوں کو موبائل فون سے دور رہنے کا سبق دیں۔ سوشل میڈیا مافیا انہیں پھنساتے اور گمراہ کرتے ہیںنئی نسل کو ان سے بچایا جا ئے۔ مولانانے یقین دلایا کہ وہ ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ غریبوں کی آواز بلند کریں گے چاہے وہ کسی بھی مذہب یا ذات سے ہو۔ اس موقع پرمجاہد پٹھان، طارق انور، ساحل شمسی، سید محمد اقبال وغیرہ موجود رہے۔












