نئی دہلی (یو این آئی) ہندوستان کے نوجوان باصلاحیت بلے باز آیوش بدونی نے دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل 2024) کے ایک میچ میں ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز کی جانب سے کھیلتے ہوئے صرف 39 گیندوں میں سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے لیے کھیلنے والے 24 سالہ بدونی نے نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کے گیند بازوں کو تہس نہس کردیا اور صرف 55 گیندوں میں 165 رنز بنائے۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 308 رنز بنائے جس میں آیوش بدونی (165) اور پریانش آریہ (120) کی طوفانی سنچریاں شامل تھیں۔ بدونی نے صرف 39 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے بلے سے نکلنے والی آگ کی گرمی نے شمالی دہلی کے گیند بازوں کو بری طرح جھلسا دیا۔ انہوں نے 55 گیندوں کی اننگز میں 19 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی بدونی ہندوستان کے لیے ایک ہی ٹی۔ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ شریاس ایئر کے نام تھا جنہوں نے 2019 میں کھیلے گئے میچ میں 147 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ بدونی ٹی 20 میچ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے جنہوں نے 175 رنز بنائے۔












