ناظم منصوری
مرادآباد،سماج نیوز سروس: اتر پردیش کسان کانگریس مغربی زون کے صدر ڈاکٹر انیل چودھری کی ہدایت پرکانگریسی عہدیداروں نے ڈویژنل کمشنر کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا،اور صدر جمہوریہ ہند کے نام ایک مکتوب ارسال کیا۔ کانگریس لیڈروں نے کہا کہ بی جے پی کی ایم پی اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک ٹی وی چینل میں کسانوں کی تحریک کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔اس سے انہوں نے کسانوں کی توہین کی ہے،ملک کے کسانوں کو ریپسٹ اور خالصتان کہہ کر سرعام ان کی توہین کی ہے۔کانگریسی لیڈروں نے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرویو کی تحقیقات ایک کمیٹی سے کرائی جائے اور ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کی جائے اور مقدمہ درج کیا جائے۔ کسانوں کو جلد از جلد ایم ایس پی گارنٹی دی جائے، کسانوں کے بچوں کے مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے اگنی ویر اسکیم کو فوری طور پر بند کیا جائے۔کسانوں کے گنے کے واجبات جلد از جلد ادا کیے جائیں، بجلی کے بل اور قرضے معاف کیے جائیں۔کسانوں کو گھریلو بجلی کے کنکشن میں خصوصی رعایت دی جائے۔ فصلوں کا معاوضہ فوری ادا کیا جائے۔اس موقع پر بڑی تعداد میں کانگریسی عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔












