دیوبند (سماج نیوز سروس) پرواز سوشل فاؤنڈیشن نئی دہلی اور معاون تنظیم ہند کمیٹی اور ہیومینٹی ویلفیئر سوسائٹی کے مشترکہ زیر اہتمام وژن انٹرنیشنل اکیڈمی پھلت( کھتولی۔ مظفر نگر) میں مصنوعی ذہانت – دائرہ کار اور مواقع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈاکٹر محمد ممشاد اسسٹنٹ پروفیسر جی جی ایس اندرا پرستھ یونیورسٹی نئی دہلی نے طلباء کو مصنوعی ذہانت کے بارے میں تفصیلی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ آج کے جدید دور میں اگر ہم نے ٹیکنالوجی کے ساتھ خود کو ترقی نہیں دی تو ہم پیچھے رہ جائیں گے، اس لیے ہمیں ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آنا بہت ضروری ہے۔وزن انٹرنیشنل اکیڈمی میں طلباء کو فراہم کی جا رہی تعلیم کے لیے اکیڈمی کے انتظام کی تعریف کرتے ہوئے ہند کمیٹی کے چیئرمین ممتاز خان نے کہا کہ دیہی ماحول میں اس قسم کا اسکول مظفر نگر کے لوگوں کے لیے ایک کارنامہ ہے۔ اسکول کے قائم مقام پرنسپل شرف الدین نے اسکول کی جانب سے دی جانے والی مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے بارے میں بتایا۔مہمانوں کا شکریہ شعبہ دینیات کے سربراہ مفتی وصی میاں خان نے کیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں صحافی قاری شاہد حسینی، محمد نفیس، ضیاء الحق اور عبد المیمن اکاؤنٹنٹ اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ثناء اللہ نے تعاون کیا۔












