سید پرویز قیصر
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کے تیز بالر حسن محمود نے پاکستان کی دوسری اننگ میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے10.4 اوور میں43 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو ٹسٹ کرکٹ میں انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔
اس سے پہلے اس تیز بالر کی ٹسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی15 اوور میں65 رن دیکر چار وکٹ تھی جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف چٹاگانگ میں مارچ2024 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں انجام دی تھی۔انکی یہ کارکردگی بنگلہ دیش کے کام نہیں آئی تھی اور اسے اس ٹسٹ میں 192 رن سے شکست ہوئی تھی۔
حسن محمود بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹ لینے والے پانچویں بالر ہیں۔ ابھی تک بنگلہ دیش کی جانب سے سات مرتبہ ایسا ہوا ہے جب کسی بالر نے پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ محمد رفیق اور تیج الاسلام نے دو۔ دو مرتبہ ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے جبکہ ثاقب الحسن، مہندی حسن میراز اور حسن محمود ایک ایک مرتبہ ایسا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والے پہلے بالر محمد رفیق تھے ۔ بائیں ہاتھ کے اس اسپنر نے پشاور میں اگست2003 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں45 اوور میں118 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انکی اس شاندار بالنگ کے باوجود بنگلہ دیش نو وکٹ سے یہ ٹسٹ ہاری تھی۔ اسی سریز میں ملتان میں ہوئے دوسرے ٹسٹ میچ میں انہوں نے17.4 اوور میں36 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس ٹسٹ میں پاکستان نے ایک وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
ثاقب الحسن نے میرپور، ڈھاکہ میں دسمبر2011 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں17.4اوور میں82 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف دوسری سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ اس ٹسٹ میچ میں پاکستان نے سات وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
کھلنا میں اپریل 2015 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں تیج الاسلام نے46.4اوورمیں163 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ یہ ٹسٹ کسی فیصلہ کے بغیر ختم ہوا تھا۔ بائیں ہاتھ کے اس سپنر نے چٹا گانگ میں نومبر2021 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں44.4 اوور میں116 رن دیکر سات کھلاڑیوں کوآوٹ کیا تھا جو پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ اتنی شاندار کارکردگی کے باوجود بنگلہ دیش کو اس ٹسٹ میچ میں آٹھ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔
راولپنڈی ٹسٹ میں پہلی اننگ میں مہدی حسن میراز نے22.1 اوور میں61 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس آف اسپنر ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والا بنگلہ دیش کا چوتھا بالر تھا۔ راولپنڈی میں خراب روشنی اور پھر بارش کہ وجہ سے میچ چائے کے وقفہ کے بعد روک گیا تھا جس کے بعد چوتھے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان بھی ہوگیا تھا۔ اس ٹسٹ میچ کا نتیجہ پانچویں دن نکلے کی امید ہے۔
اسی ٹسٹ میں پاکستان کے تیز بالر خرم شہزاد نے21 اوور میں90 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھاجو انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ اس سے پہلے انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی 16 اوور میں 45 رن دیکر تین کٹ تھی جو انہوں نے آسڑیلیا کے خلاف پرتھ میں دسمبر2023 میں ہوئے میچ میں انجام دی تھی۔ یہ ان کا پہلا ٹسٹ میچ بھی تھا۔












