سید پرویز قیصر
سنگا پور کے خلاف بنگی میں کھیلے گئے منگولیا کے سبھی کھلاڑی10 اوور میں 10 رن بناکر آوٹ ہوئے جو ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ہی نہیں ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی کسی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ اگلے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے ایشیا ئی کوالی فائز اے کے اس میچ میں سنگا پور نے ٹاس جیت کر پہلے منگولیا سے بلے بازی کرائی۔ منگولیا کے سبھی کھلاڑی10 اوور میں 10 رن بناکر آوٹ ہوگئے۔ سنگا پور کے لیگ بریک بالر ہرشا بھاردواج نے چار اوور میںتین رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ سنگا پور کا پہلا وکٹ اننگ کی پہلی بال پر گرگیا تھا اس کے باوجود وہ پانچویں بال پر میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ اس نے پانچ بالوں پر ایک وکٹ پر13 رن بنائے راول شرما نے چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو جیت دلائی تھی۔
ائل آف مین بھی دس رن پر آوٹ ہوئی تھی جو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں منگولیا سے پہلے سب سے کم اسکور تھا۔ اب منگولیا نے اس کی برابری کرلی ہے۔ اسپین کے خلاف کارٹا جینا میں26 فروری2023 میں کھیلے گئے میچ میں ائل آف مین کے سبھی کھلاڑی8.4 اوور میں10 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ اس میچ میں اسپین نے دو بالوں پر کسی نقصان کے بغیر 13رن بناکر میچ دس وکٹ سے جیتا تھا۔ اسپین کے اویس احمد نے دو چھکے لگاکر اپنی ٹیم کو میچ جیتا تھا۔ انہوں نے ایک چھکا نوبال پر مارا تھا۔ اس میچ میں نو اوور میں دس وکٹوں کے نقصان پر23رن بنے تھے جو ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ اور ٹونٹی ٹونٹی دونوں قسم کے کرکٹ میں ایک میچ میں سب سے کم رن تھے۔منگولیا اور سنگاپور کے مابین ہوئے میچ میں بھی23رن بنے، گیارہ وکٹوں کے نقصان پر10.5 اوور میں۔
منگولیا کا اس سے پہلے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور8.2 اوور میں12 رن تھا جو اس نے سانو میں جاپان کے خلاف8 مئی2024 کو بنایا تھا۔ اب یہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ اور ٹونٹی تونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تیسرا سب سے کم اسکور ہے۔ اس میچ میں جاپان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 217 رن بنائے تھے۔ منگولیا کو8.2 اوور میں12 رن کے مجموعی اسکور پر آوٹ کرنے کے بعد جاپان نے اس میچ میں205 رن سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ جو چارسب سے کم اسکور ہیں اس میں سے تین منگولیا نے بنائے ہیں۔ کوالالمپور میں31 اگست2024 کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں منگلولیا کے سبھی کھلاڑی14.2 اوور میں17 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا تیسرا سب سے کم اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں چوتھا سب سے کم اسکور ہے۔اس میچ میں ہانگ کانگ نے1.4 اوور میں ایک وکٹ پر18 رن بناکر میچ نو وکٹ سے جیتا تھا۔
ترکی نے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پانچواں سب سے کم اسکور بنایا ہے۔ چیک ری پبلک کے خلاف الفوو میں30 اگست2019 کو ہوئے میچ میں ترکی کے سبھی کھلاڑی8.3 اوور میں21 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ اس میچ میں چیک ری پبلک نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 278 رن بنائے تھے۔ ترکی کو چھوٹے اسکور پر آوٹ کرکے اس نے اس میچ میں257 رن سے کامیابی حاصل کی تھی جو ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی دونوں قسم کے کرکٹ میں رنوں کے حساب سے دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ سب سے بڑی جیت کا ریکارڈ نیپال کے پاس ہے جس نے مبگولیا کو ہنگژو میں27 ستمبر2023 کو273 رن سے شکست دی تھی۔












