علی گڑھ،سماج نیوز سروس: شعبہ اسلامک اسٹڈیز علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے اپنے طلباء کے لئے ایک کیرئر کائونسلنگ پروگرام کا انعقاد مورخہ ۴؍ستمبر کو کیاجس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پلیسمنٹ آفیسر ڈاکٹر سعد حمید شعبہ کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اپنا مستقبل خوش آئند بنانے کے لئے کچھ اہداف متعین کرنے کا مشورہ دیا تاکہ تعلیم اور روزگار میں چیلنج نہ واقع ہوں۔ڈاکٹر سعد حمید نے فرمایا کہ آج کی دنیا ہر میدان میں ماہرین کی تلاش میں ہے۔ علمی دنیا میں آپ اپنے لئے جو بھی میدان متعین کریں خوب سوچ سمجھ کر متعین کریں اور جب کسی میدان کو منتخب کریں تو پھر اپنی تمام تر صلاحتوں کو اس میں لگا کر ایک بہتر اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت فراہم کریں ۔ دنیا کو صرف میڈیکل اور ٹیکنیکل علوم کے ماہرین کی ہی ضرورت نہیں ہے بلکہ روایتی مشرقی علوم میں بھی اپنا مستقبل بنانے کے زرّین امکانات ہیںمگر اس مسابقتی دور میں صرف اور صرف تعلیمی کامیابی پر انحصار نہیں کیا جاسکتا بلکہ آگے بڑھنے کی امنگ اور جذبہ کو بیدار کرنے کے لئے اپنے ہم عصروں سے مسابقت کی راہیں تلاش کرنی ہے۔ کیرئر کائونسلنگ کا بنیادی مقصد آپ کو ہنر فراہم کرنا ہے ، علم کے ساتھ آپ کا ہنر اور فیصلہ یہ عمل یقینی بنائے گا کہ آپ زمانے کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنے ہدف کو حاصل کریں۔ ہر فرد کو زندگی کے مختلف مراحل میں کیرئر کے اہم فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔اس لئے کیرئر کائونسلنگ ہر اس شخص کے لئے موزوں ہے جو کیرئر کا صحیح راستہ تلاش کرنے میں چیلنجیز کا سامنا کر رہا ہو۔ڈاکٹرسعد حمید نے بطور ٹرینگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر گذشتہ ۱۳ سالوں کے اپنے تجربات طلباء سے شیئر کئے اور طلباء سے کہا کہ اگر آپ زندگی میں کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کمفرٹ زون سے باہر نکلیں۔ پروفیسر عبد الحمید فاضلی، چیرمین شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے محترم ڈاکٹر سعد حمید کی تشریف آوری اور طلباء سے خطاب کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کو کیرئر کے لامتناہی مواقع دستیاب ہونے کی وجہ سے اپنے کیرئر کا صحیح راستہ منتخب کرنے میں اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ایسے حالات میں آپ نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ محترم سعد حمید کی نصیحتوں پر عمل کریں تاکہ وہ زمانہ کے چیلنجیز کا مقابلہ کر سکیں۔اس موقع پرڈاکٹر اعزاز احمد، صدر’ اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی‘، ڈاکٹر بلال احمد کٹی، انچارج کائونسلنگ فورم، ڈاکٹر زبیر ظفر خان، ڈاکٹر عرشی شعیب، ڈاکٹر لبنیٰ ناز، ڈاکٹر عائشہ صدیقہ، ڈاکٹر رحمت اللہ، ڈاکٹر محمد مسلم اور ڈاکٹر محمد عبدالباری بھی موجود تھے ۔مس شائستہ منظور، نائب صدر، ’اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی ‘نے پروگرام کی نظامت کی اور مس آفرین خان، سیکریٹری،’ اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی] نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ پروگرام میں ریسرچ اسکالرز ،گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔شعبہ کے کانفرنس ہال میں اس پروگرام کو منظم کرنے میں شعبہ کے کیئرٹیکر محمد بدرالزماں خاں نے اہم رول ادا کیا جس کا اعتراف شعبہ کے چیرمین نے اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔












