سید پرویز قیصر
جانک سینر امریکی اوپن ٹینس میں مردوں کا سنگلز خطاب جیتنے والے اٹلی کے پہلے کھلاڑی بنے۔ اس عالمی نمبر ایک نے فائنل میں بارہویں نمبر کے کھلاڑی امریکہ کے ٹیلر فرٹس کو6-3،6-4 اور7-5سے شکست دی۔ امریکی اوپن میں21 سال سے کسی امریکی کھلاڑی نے مردوں کا سنگلز خطاب نہیں جیتا ہے۔ اس مرتبہ ٹیلر فرٹس سے امید تھی کہ وہ امریکی اوپن جیت جائیں گے مگرجانک سینر نے فائنل میں انکی ایک نہیں چلنے دی اور پہلی مرتبہ امریکی اوپن میں مردوں کا سنگلز خطاب جیت لیا۔ انکا مقابلہ اس مرتبہ جس سب سے بڑے کھلاڑی سے ہوا وہ روس کے دانیل میڈوڈیو تھے۔ پانچویں نمبر کے اس کھلاڑی کو انہوں نے کوارٹر فائنل میں 6–2، –6 1،6–1 اور6–4 سے شکست دی۔ اس میچ کے علاوہ انہوں نے ہر میچ سیدھے تین سیٹوں میں جیتا۔ پورے ٹورنامنت میں وہ صرف ایک ہی سیٹ ہارے۔
امریکہ اوپن کی شروعات1881 میں ہوئی تھی ۔ اب تک امریکہ اوپن میں مردوں کا خطاب85 مرتبہ کسی نہ کسی امریکی کھلاڑی نے جیتا ہے۔ آسڑیلیا کے کھلاڑیوں نے 18 مرتبہ یہ خطاب جیتا ہے جبکہ اسپین سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی سات مرتبہ یہ خطاب جیتے ہیں۔ امریکہ کے جس آخری کھلاڑی نے امریکی اوپن میں مردوں کا سنگلز خطاب جیتا تھا وہ اینڈی روڈک تھے۔ انہوں نے2003 میں ہوئے فائنل میں اسپین کے جوان کارلوس فریرو کو6–3، (7–2)7–6 اور6–3 سے شکست دی تھی۔ اسکے بعد آندرے اگاسی نے 2005 میں اور اینڈی روڈک نے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا مگر دونوں کو سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ آندرے اگاسی6–3,،2–6، 7–6 (7–1) اور 6–1 سے شکست دی تھی جبکہ اینڈی روڈک کے خلاف وہ6–2،4–6،7–5 اور6–1 سے فاتح رہے تھے۔
ٹیلر فٹز پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل میں پہنچے تھے۔ اس سے پہلے وہ چار مرتبہ کوارٹر فائنل میں کھیلے تھے مگر ہر مرتبہ انہیں شکست ہوئی تھی۔اس سے پہلے امریکہ اوپن میں انکی سب سے اچھی کارکردگی کوارٹر فائنل میں داخلہ تھا۔انہوں نے گذشتہ سال جب پہلی مرتبہ امریکہ اوپن میں آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی تھی تو انہیں سربیا کے دو سرے نمبر کے کھلاڑی نواک جوکویک نے6–1،6-4 اور 6-4 سے شکست دی تھی۔
جانک سینر نے دوسری مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔ اس سے پہلے انہوں نے اسی سال سال کے پہلے گرینڈ سلم آسڑیلین اوپن میں پہلی مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور فائنل میں روس کے دانیل میڈوڈیو کو3–6،3–6، 6–4، 6–4 اور6–3 سے شکست دی تھی۔ پہلے دو سیٹوں میں شکست کے بعد تین سیٹ جیتنا ایک بہت بڑا کارنامہ ہویا ہے۔
جانک سینر کو امریکہ اوپن کا خطاب جیتنے پر امریکہ ڈالرز ملے3,600,000 امریکہ ڈالرز یعنی لگ بھگ 30,23,18,023 ہندوستانی روپے ملے۔ اس کا ملاکر اب تک 23 سالہ اس کھلاڑی نے کل27,634,144 امریکی ڈالرز یعنی لگ بھگ دو ارب32 کروڑ ہندوستانی روپے انعامی رقم کے طور پر حاصل کئے ہیں۔ وہ اس وقت سب سے زیادہ انعامی رقم جیتنے والے کھلاڑیوں میں سیرہویں مقام پر ہیں۔
جانک سینر ایک سال میں ہارٹ کورٹ پر دو گرینڈ سلم خظاب جیتے ہیں۔ 47 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی مرد کھلاڑی نے پہلے دو گرینڈ سلم خطاب اپنے پہلے سیز ن میں حاصل کئے ہیں۔ اسی سال آسڑیلین اوپن میں انہوں نے اپنا پہلا گرینڈ سلم خطاب جیتا تھا۔
پیشہ وارنہ ٹینس میں 2018 قدم رکھنے والے جانک سینر نے ابھی تک کل 16 خطاب جیتے ہیں۔ انہوں نے کل324 سنگلز میچ کھیلے ہیں جس میں245 میں انہیں کامیابی ملی ہے اور79 میں شکست ہوئی ہے۔












