سید پرویز قیصر
ہیری کین بین الاقوامی فٹ بال میچوں میں اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ٖفن لینڈ کے خلاف لندن کے ومبلے اسٹیڈیم میں اپنا سواں میچ کھیلا۔ نیشن لیگ کے اس میچ میں انگلینڈ نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں دونوں گول ہیری کین نے کئے ۔
ہیری کین بین الاقوامی ٖفٹ بال میں سو یا اس سے زیادہ میچ کھیلنے والے انگلینڈ کے دسویں اور کل ملاکر621 ویں کھلاڑی ہیں۔ وہ سویں میچ میں گول اسکور کرنے والے انگلینڈ کے تیسرے کھلاڑی بھی ہیں۔ان سے پہلے انگلینڈ کے جن دو کھلاڑیوں نے اپنے سویں میچ میں گول کئے تھے وہ وین رونی اور بوبی چارلٹن تھے۔ وین رونی نے سلوینا کے خلاف2014 میں اپنا سواں بین الاقوامی فٹ بال میچ کھیلا تھا جبکہ بوبی چارلٹن نے شمالی آئیر لینڈ کے خلاف1970 میں اپنے بین الاقوامی فٹ بال میچوں کی سنچری مکمل کی تھی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنے سویں میچ میں ایک۔ایک گول کیا تھا جبکہ ہیری کین اپنے سویں میچ میں دو گول کرنے میں کامیاب رہے۔
لندن کے والتھ امسٹو میں28 جولائی1993 میں پیدا ہوئے ہیری ایڈورڈ کین نے 27 مارچ2015 کو اپنا پہلا بین الاقوامی ٖفٹ بال میچ لندن کے ومبلے اسٹیدیم میں لتھوینیا کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ اس میچ میں وین رونی کے متبادل کے طور پر دوسرے نصف میں کھیلنے آئے تھے۔ انہوں نے80 ویں سیکنڈ میں رحیم اسٹرلنگ کے کراس پر ہیڈ کے ذریعے گول کیا۔ اگلے میچ میں انہیں پورے وقت کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ جونٹس اسٹیڈیم میں اٹلی کے خلاف کھیلا گیا یہ میچ1–1 سے برابر رہا تھا۔
ہیری کین انگلینڈ کی جانب سے بین الاقوامی فٹ بال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے سو میچوں میں ابھی تک 68 گول کئے ہیں۔ وہ پانچ میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔120 بین الاقوامی فٹ بال میچوں میں 53 گولوں کے ساتھ وین رونی انگلینڈ کی جانب سے دوسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی فٹ بال میچ پیٹر شلٹن نے کھیلے ہیں۔اس گول کیپر نے1970 اور1990 کے درمیان کل125 میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے۔ فارورڈ وین رونی نے2003 اور2018 کے درمیان 120 بین الاقوامی ٖفٹ بال میچ کھیلے ہیں۔ ڈیوڈ بیکھم نے1996 اور2009 کے درمیان115 میچوں میں شرکت کی ہے۔ اسٹیون گیراررڈ نے2000 اور2014 کے درمیان انگلینڈ کے لئے114 بین الاقوامی فٹ بال میچ کھیلے تھے۔ دفاعی کھلاڑی بوبی مور نے1962 اور1973 کے درمیان108 میچ کھیلے تھے جس میں وہ دو گول کرنے میں کامیاب رہے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے جن کھلاڑیوں نے سو سے زیادہ میچ کھیلے ہیں ان میں سے یہ دوسرے سب سے کم گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ وہ سب سے کم وقت میں اپنے میچوں کی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ ایسا کرنے میں انہیں 10 سال اور271 دن کا وقت لگا تھا۔ انہوں نے اپنا پہلا میچ 20 مئی1962 کو کھیلا تھا جبکہ14 فروری1973 کو وہ اپنا سواں میچ کھیلے تھے۔ ایشلی کولی نے2001 اور2014 کے درمیان جو107 بین الاقوامی فٹ بال میچ کھیلے اس میں وہ کوئی گول نہیں کرسکے کیونکہ وہ ایک دفاعی کھلاڑی تھے اس لئے انہیں گول کرنے کے موقع بھی نہیں ملے تھے ۔ بوبی کارلٹن نے1958 اور1970 کے درمیان106 میچوں میں شرکت کی اور49 گول کئے۔ فرینک لمپارڈ نے1999 اور2014 کے درمیان106 میچوں میں شرکت کی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے سب سے پہلے بین الاقوامی میچوں کی سنچری مکمل کرنے والے کھلاڑی بلی رائٹ تھے۔ اس دفاعی کھلاڑی نے 1946 اور1959 کے درمیان کل105 میچ کھیلے۔انہوں نے اپنا سواں میچ11 اپریل1959, کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں انکی ٹیم کو1–0 سے کامیابی ملی تھی۔ انہوں نے3 اکتوبر1951 اور28 مئی 1959 کے درمیان لگاتار70 میچ کھیلے تھے جو انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ لگاتار میچوں کا ریکارڈ ہے۔
ابھی تک جن کھلاڑیوں نے سو سے زیادہ فٹ بال کے بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں بحرین، میکسکو، سعودی عرب اور امریکہ کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ سو میچوں میں شرکت کی ہے۔ ان چاروں ملکوں کے17۔17 کھلاڑیوں نے سو سے زیادہ بین الاقوامی ٖفٹ بال میچ کھیلے ہیں۔












