ڈھاکہ (یو این آئی) بنگلہ دیش نے ہندوستان کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے تیز گیند باز شرف الاسلام کی جگہ بلے باز ذاکر علی کو 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے سلیکٹروں نے پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے زخمی شرف الاسلام کی جگہ بلے باز ذاکر علی کو شامل کیا ہے۔ شرفل پاکستان کے ساتھ پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور ان کی کمر میں انجری ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ دوسرا ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ ذاکر نے ایشین گیمز 2023 میں بنگلہ دیش کے لیے ڈیبیو کرنے کے بعد سے کل ملاکر 17 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں، حالانکہ انہیں ابھی تک ٹیسٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ اب تک وہ کل ملاکر 49 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں اور 41.47 کی اوسط سے چار سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ ہندستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا سکواڈ اس طرح ہے: نظم الحسن شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس، مہدی حسن معراج، خالد احمد، تسکین احمد، حسن محمود، تیج الاسلام، محمود الحسن جائے، ناہید رانا نعیم حسن اور ذاکر علی۔












