سید پرویز قیصر
تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز کے بعد آسڑیلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اب پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز کھیلیں گی جس کا پہلا میچ جمعرات (19 ستمبر) کو ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ اور آسڑیلیا کے درمیان ابھی تک جو156 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں آسڑیلیا نے88 میچوں میں اور انگلینڈ نے63 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان دو میچ ٹائی رہے ہیں جبکہ تین میچ نامکمل رہے ہیں۔ انگلینڈ میں دونوں نے ابھی تک جو73 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں انگلینڈ نے 36 میچ اور آسڑیلیا نے33میچ جیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان دو میچ ٹائی رہے ہیں جبکہ دو میچ نامکمل رہے ہیں۔
دونوں کے مابین دن ہی دن کے جو 79 میچ ہوئے ہیں اس میں آسڑیلیا نے37 میچ اور انگلینڈ نے 39 میچ جیتے ہیں۔ د و میچ ٹائی رہے ہیں جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ آسڑیلیا اور انگلینڈ کے مابین جو آخری پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میں آسڑیلیا نے سبھی میچوں میں جیت درج کی ہے۔
احمد آباد میں4 نومبر2023 کو ہوئے عالمی کپ کے میچ میں آسڑیلیا نے49.3 اوورمیں286 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کے سبھی کھلاڑٰی 48.1 اوور میں253 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جسکی وجہ سے آسڑیلیا نے اس میچ میں33 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ یہ میچ ان دونوں کے درمیان کھیلا گیا آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ تھا۔
ناٹنگھم میں19 جون2018 کو ہوئے میچ میں انگلینڈ نے مقررہ50 اوور میںچھ وکٹ پر 481 رن بنائے تھے جو اس کا آسڑیلیا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہے۔ آسڑیلیا کا انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ اسکور48 اوور میں پانچ وکٹ پر355 رن ہے جو اس نے ملبورن میں22 نومبر2022 کو بنایا تھا۔
برمنگھم میں4 جون1977 کو ہوئے میچ میں آسڑیلیا کے سبھی کھلاڑی25.2 اوور میں70 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا انگلینڈ کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔انگلینڈ کا آسڑیلیا کے خلاف سب سے کم اسکور32.4 اوور میں86 رن ہے جو اس نے مانچسٹر میں14 جون2001 کو بنایا تھا۔
جیسن رائے نے ملبورن میں14 جون2018 کو ہوئے میچ میں151 منٹ میں 151 بالوں پر16چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے180رن بنائے تھے جو انگلینڈ کی جانب سے آسڑیلیا کے خلاف سب سے بڑا نفرادی اسکور ہے۔ آسڑیلیا کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا اعزازشین واٹسن کے پاس ہے جنہوں نے ملبورن میں16 جنوری2011کو ہوئے میچ میں215 منٹ میں150 بالوں پر12 چوکوں اورچار چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 161 رن بنائے تھے۔
آسڑیلیا کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ اینڈریو بیخل کے پاس ہے جنہوں نے پورٹ الزبتھ میں 2مارچ2003 کو ہوئے میچ میں دس اوور میں20 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے آسڑیلیا کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ کریس ووکس کے پاس ہے جنہوں نے30 جنوری2011 کو برسبین میں ہوئے میچ میں دس اوور میں 45 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔












