بھیونڈی ، پریس ریلیز،ہماراسماج:بھیونڈی شہر میں لڑکوں کی تعلیم کے معروف ادارے رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول میں بروز جمعرات بتاریخ ۱۹ ستمبر۲۰۲۴ کو دہم جماعت کے تقریبا ۱۲۵ طلبہ سے بورڈ امتحانات کی تیاری کے متعلق ترغیبی گفتگو کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تربیتی سیشن میں ہیڈماسٹر محمد شبیر فاروقی نے ایس ایس سی امتحان مارچ ۲۰۲۵ میں شریک ہونے والے طلبہ سے ان کی امتحان کی تیاری ، پڑھائی کے طریقہ کار، محنت اور ٹائم ٹیبل کی اہمیت پر گفتگو کی اور ان موضوعات پر طلبہ سے مختلف سوالات کئے۔ کئی طلبہ نے بڑی دلچسپی کے ساتھ مختلف سوالات کے جوابات بھی دئے اور ہیڈماسٹر محمد شبیر فاروقی کی سابقہ رہنمائی کے حوالے سے اپنی پڑھائی اور محنت کے معمولات میں خوشگوار تبدیلیوں کا خصوصی تذکرہ کیا۔ محمد شبیر فاروقی نے طلبہ سے کہا کہ، ”کامیابی کبھی کبھی کام کرلینے سے نہیں بلکہ مسلسل اور متواتر محنت سے حاصل ہوتی ہے۔” انہوں نے اس بات کا خاص ذکر کیا کہ ایس ایس سی بورڈ امتحان مارچ ۲۰۲۵ میں اب صرف ۱۵۴ دن ہی باقی رہ گئے ہیں ، اس لئے زیادہ محنت اور منصوبہ بندی درکار ہے۔ اس موقع پر اسکول کمیٹی کے چیئرمین جناب نوح خلیل پٹیل بحیثیت موجود تھے۔ گفتگو سیشن کی عمل آوری میں اسکول کے فعال معلم آصف خان جامعی بھی موجود تھے۔ دیگر اساتذہ میں نقی بھورے سر اور فیض مومن سر کا عملی تعاون شامل رہا۔












